پاک چین اقتصادی راہداری پاکستانی عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے‘چین نے اقتصادی راہداری کے منصوبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے پاکستان کا مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا ، ملکی تاریخ کاپہلا 100میگاواٹ کاسولر منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا ، پنجاب میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح بجلی کا یہ منصوبہ بھی شفافیت ،تیزرفتاری اورمعیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کاچین کے معروف اخبارکو انٹرویو

پیر 23 مارچ 2015 20:11

لاہور/بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان کی تاریخ کاپہلااورمنفرد 100میگاواٹ کاسولر منصوبہ لگایا ہے۔دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح بجلی کا یہ منصوبہ بھی شفافیت ،تیزرفتاری اورمعیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔پنجاب حکومت کی پوری ٹیم نے منصوبے پردن رات کام کر کے دوست ملک چین کی ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے ۔

پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں چین کا تعاون لائق تحسین ہے۔توانائی کے شعبے میں بھی چین کی حکومت کی بھر پور معاونت اورسرمایہ کاری کے معاہدوں پرچین کے صدر،وزیراعظم ،حکومت اورچینی عوام کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان بالخصوص پنجاب میں مختلف شعبوں میں کام کررہی ہیں اور حالیہ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ،پاک چین دوستی کونئی بلندیوں تک پہنچانے کا باعث بنیں گے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو چین کے معروف اخبار کو خصوصی انٹرویو دے رہے تھے ۔ سیکرٹری اطلاعات مومن علی آغااورپریس سیکرٹری شعیب بن عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے ،پنجاب توانائی کی کمی کے مسئلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔پنجاب حکومت کوئلے،ہائیڈل،ہوا،سولر،گیس اوردیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کررہی ہے ۔

قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگاواٹ کاسولر پاور کا منصوبہ توانائی بحران کی شدت میں کچھ کمی لانے کا باعث بنے گا۔ریکارمدت میں مکمل ہونے والا یہ منصوبہ اس طویل سفر کا نقطہ آغاز ہے جس کے تحت چین کی کمپنیوں نے پاکستان میں کوئلے، ہائیڈل اوردیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کے معاہدے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں لگنے والے 100میگاواٹ کے سولر منصوبے نے پاکستان میں ریونیو ایبل انرجی میں انقلاب برپا کردیا ہے اور اس منصوبے سے پاکستان اورچین کے مابین سولر پینل کی تیاری کے حوالے سے سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور حکومت چین کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک اورشاندار تحفہ ہے۔اکنامک کوریڈ ورمیں انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کے علاوہ بجلی کے حصول کے پراجیکٹ شامل ہیں۔چین نے اکنامک کوریڈورکے منصوبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کر کے چین کی قیادت نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ وہ توانائی بحران میں پاکستان کی بھر پور مدد کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کر کے ایک سچے اورمخلص دوست ہونے کاثبوت دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کا منصوبہ دو دوست ممالک کے درمیان تعاون اوردوستی کی ایک اعلی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اوراس کے زرمبادلہ کے ذخائر چارٹریلین ڈالر ہے،ہم چین کی ٹیکنالوجی اورمہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باڈر پر واقع چین کے صوبے اورپاکستان کے مابین معاشی تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں۔شاہراہ ریشم اوردیگر روٹس کو استعمال کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔اس سلک روٹ کے ذریعے اکنامک ویژن کو عملی شکل دی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے اس صوبے کے ساتھ ٹرانسمشن لائن کے ذریعے بجلی کی درآمد کی ٹھوس تجویز بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں ملکر کام کررہی ہیں تاہم چین کی کمپنیاں پاکستانی سرمایہ کاروں کیساتھ مل کر مشترکہ طور پر بھی سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ جہاں دونوں ممالک کی دوستی میں مزید مضبوطی کا باعث بنے گاوہاں پاکستان اورچین کے معاشی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں