کسان دشمن حکمران انہیں اپنے جائز حقوق کیلئے بھی آواز نکالنے نہیں دے رہے‘ چودھری پرویزالٰہی

بدھ 25 مارچ 2015 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء )پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے نہتے کسانوں پر بلاجواز لاٹھی چارج، تشدد اور مختلف مقدمات پر ان کی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان دشمن حکمران کریک ڈاؤن کے ذریعہ انہیں ا پنے جائز حقوق کیلئے آواز نکالنے کی بھی اجازت نہیں دے رہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کسان اتحاد کے تمام مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں کیلئے وہ تمام سہولتیں اور مراعات بحال کرے جو ہمارے دور میں انہیں فراہم کی گئی تھیں جن میں سستی بجلی، کھادیں، بیج اور قرضوں کے علاوہ وافر پانی اور ٹیکس کی چھوٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوڑھوں اور کمسن لڑکوں سمیت بدترین پولیس تشدد کا نشانہ بنائے گئے کسانوں کا واحد قصور یہ تھا کہ وہ اپنی فصلوں کی پوری قیمت اور بھاری ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں پریس کانفرنس بھی نہیں کرنے دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں سے ان کی فصلوں کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر خریداری حکومت کی ذمہ داری ہے، موجودہ حکمران ایک طرف تو بھارتی سبزیاں وغیرہ درآمد کر رہے ہیں اور دوسری جانب کھاد، زرعی ادویات اور دیگر اشیاء پر بلاجواز ٹیکسوں سے اپنے کسانوں کا معاشی قتل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملکوں میں کسانوں کو خصوصی مراعات دی جاتی ہیں لیکن یہاں حکمرانوں کی کسان دشمنی دن بدن بڑھ رہی ہے جبکہ پنجاب کی نسبت دوسرے صوبوں میں سستی بجلی سمیت زرعی شعبہ میں زیادہ سہولتیں حاصل ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں زرعی ترقی کی شرح پیچھے کی جانب جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں