حکومتِ پنجاب کا ای سٹیمپنگ پروگرام حکومتی آمدنی میں اضافہ کریگا ،شہریوں کوممکنہ فراڈ سے بچائیگا‘ وزیرکوآپریٹو ملک اقبال چنڑ

جمعرات 26 مارچ 2015 13:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ ای ۔سٹیمپنگ پروگرام نہ صرف حکومت پنجاب کی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کرے گا بلکہ شہریوں کو جائیداد کے لین دین میں ممکنہ فراڈ سے بھی بچائے گا۔ انہوں نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے باہمی اشتراک سے الیکٹرانک اشٹام پیپر کا پائلٹ پراجیکٹ رواں مالی سال کے دوران گوجرانوالہ میں کام شروع کر دے گا۔

اس منصوبے کی ضرورت اس لئے پیش آئی ہے کہ روائتی طریقہء کار کے مطابق پراپرٹی کی خریدو فروخت کے موقع پر جو اشٹام پیپر استعمال ہوتے ہیں وہ ڈسٹرکٹ ٹریژری آفس سے لیے جاتے ہیں لیکن اس نظام میں نقلی یا جعلی اشٹام پیپر ز کی تصدیق یا خرید و فروخت کو روکنا مشکل کام ہے۔

(جاری ہے)

جس سے ہر سال حکومت کو سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پی آئی ٹی بی نے اس مسئلے کے حل کیلئے ای ۔سٹیمپنگ یعنی آن لائن اشٹام پیپر کا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب ایک خود کار طریقہ سے نزدیکی بینک میں سٹیمپ ڈیوٹی جمع کرائی جائے گی اور وہیں سے اشٹام پیپر ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ طریقے میں شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر بھی لگانا پڑتے تھے لیکن ای۔ سٹیمپنگ میں ان کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔اس عمل میں نادرا کے ذریعے اصل خریدار یا فروخت کنندہ کی شناخت بھی ہو گی جس سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے واقعات میں واضح کمی آئے گی جبکہ یہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گڈ گورننس پروگرام کی طرف بھی اہم پیش رفت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں