کسان نمائندوں کے پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب، احتجاج ختم کرنے کا اعلان،کسانوں کے تمام مسائل حل کرینگے‘ حمزہ شہباز،دوران احتجاج کسانوں کیخلاف قائم کئے گئے مقدمات ختم،ٹیوب ویلوں کے بلوں پر اوور چارجنگ اور ایف بی آر سے متعلق شکایات دور کی جائیں گی،گندم کی خریداری بارے امدادی قیمت بڑھانے کے مطالبہ پر حکومت پنجاب کسانوں کیلئے قابل قبول فیصلہ کریگی‘رکن قومی اسمبلی

جمعرات 26 مارچ 2015 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماورکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور کسان نمائندوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد کسانوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیاہے ۔مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں حکومتی ٹیم کے نمائندوں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان ،چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل ،پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ امداد اللہ بوسال ،صوبائی وزیر زراعت یاور زمان اور دیگر نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف کی قیادت میں کسان نمائندوں سے مذکرات کئے۔

مذکرات کے دورا ن کسان نمائندوں کو یقین دلایا گیا کہ دوران احتجاج بعض کسانوں کے خلاف قائم کئے گئے مقدمات فوری طور پر ختم کردیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کسان نمائندوں کویقین دلایا کہ گندم کی خریداری مہم کے حوالے سے امدادی قیمت بڑھانے کے مطالبہ پر حکومت پنجاب کسانوں کیلئے قابل قبول فیصلہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں سے حکومت مقررہ ریٹ کے مطابق گندم خریدے گی اور گندم کے آخری دانے کی خریداری تک یہ مہم جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جنرل سیلز ٹیکس کے حوالے ایف بی آر سے متعلق درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔حمزہ شہبازشریف نے کسان نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کسا ن پورے پاکستان کے عوام کیلئے اناج اگاتے ہیں اس لیے ان کے جائز مطالبات پورا نہ کرنے کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا ۔انہو ں نے کہاکہ ٹیوب ویلوں کے بجلی بلوں پر اوور چارجنگ کی کسانوں کی شکایات جائز ہیں ۔

حکومت اس شکایت کو دور کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔حمزہ شہاز شریف نے کسان نمائندوں کو یقین دلایا کہ حکومت کھادوں اور بیجوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے کوشاں ہے اور حال ہی میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے جس طرح دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اس طرح کسانوں کو درکاران ضروریات کی قیمتیں بھی اعتدال پر لانے کی پوری کوشش کی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کسان دوست اور مزدور نوازحکومت ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت آج ملک میں پٹرول کی قیمت اپنی کم ترین سطح پر جبکہ مہنگائی کی شرح بھی کم ہو گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں