کراچی آپریشن سے توجہ ہٹانے کیلئے مصنوعی بحران پیداکیاجارہاہے ‘ جماعت اسلامی پنجاب،

معاملات کو سلجھانے کیلئے قوم جوڈیشل کمیشن کے قیام میں پیش رفت چاہتی ہے‘ سید وسیم اختر /نذیر احمد جنجوعہ

ہفتہ 28 مارچ 2015 20:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ کراچی آپریشن سے توجہ ہٹانے کے لئے مصنوعی بحران پیدا کیا جارہاہے۔ایسالگ رہا ہے کہ جیسے کراچی کو آگ وخون میں نہلانے والی لسانی تنظیم کوبچانے کیلئے خفیہ ہاتھ سرگرم ہوچکے ہیں۔

ملکی معیشت کو مستحکم اور شہرقائد کوپرسکون بنانے کے لئے بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کاخاتمہ ضروری ہے۔حکومت کو چاہئے کہ وہ بغیر کسی دباؤکے کراچی آپریشن کو جاری رکھے تاکہ وہاں کے عوام سکھ کاسانس لے سکیں۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم جوڈیشل کمیشن کے قیام میں پیش رفت چاہتی ہے۔سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات کو ایک مرتبہ پھرسے خراب کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک دوسرے کامینڈیٹ تسلیم کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کوعوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔جمہوری اقدار کا تقاضاہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے تاکہ ملک میں اداروں کی چپقلش کاتاثر ختم اور پاکستان میں جمہوریت کی جڑمضبوط ہو۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت شدید بحرانوں کی زد میں ہے۔دہشت گردی،لوڈشیڈنگ،مہنگائی اوربے روزگاری پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت18کروڑ عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مٹھی بھر اشرافیہ ملک کے سیاہ وسفید کامالک بنا بیٹھا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی اعدودشمار کے جادوگرملک میں حقائق کی نفی کرتے ہوئے دودھ کی نہریں بہارہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔11مئی2013کے انتخابات کے بعد ملک وقوم کو درپیش مسائل میں کمی کی بجا ئے اضافہ ہواہے۔حکمران عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں کوپوراکریں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ امن وامان کی بحالی کے لئے متصادم زدہ پالیسیوں سے اجتناب کیاجائے۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری،سلامتی اور بقاء سب کچھ داؤ پر لگ چکا ہے۔اتحادویکجہتی کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام ناگزیر ہوچکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں