الخدمت فاوٴنڈیشن کے زیر اہتمام ڈپلومہ کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں تقریب

پوزیشن ہولڈر طالبات میں 19سلائی مشینیں و دیگر تحائف اور اسناد کی تقسیم، محنت میں ہی عظمت ہے‘ صائمہ شبیر

اتوار 29 مارچ 2015 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء ) الخدمت خواتین ٹرسٹ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے کہا ہے کہ محنت میں ہی عظمت ہے، خواتین باعزت روزگار اختیار کرکے نہ صرف اپنے خاندان کا مالی بوجھ پال سکتی ہیں بلکہ معاشرتی ترقی میں بھی بہترین کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاوٴنڈیشن کے زیر اہتمام ڈپلومہ کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں جماعت اسلامی لاہور کی نائب ناظمہ شائستہ طارق نے پوزیشن ہولڈرز طالبات میں 19سلائی مشینیں و دیگر تحائف اور اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر شائستہ طارق نے کہا کہ ڈپلومہ حا صل کرنے والی طالبات مہنگائی کے موجودہ دور میں نہ صرف اپنے والدین و خاندان کا مالی بوجھ بانٹ سکتی ہیں بلکہ آئندہ زندگی میں اپنے بچوں کی بھی بہتر کفالت و تعلیم و تربیت کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام نے جہاں عورت کو ماں بہن اور بیوی کی حیثیت سے عزت اور احترام عطا کیا ہے وہاں تاریخ خواتین کی محنت اور معاشرتی خدمات کے حوالے سے بھی بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت ہزاروں خواتین فنی تعلیم و تربیت حاصل کرکے آج زندگی کے مختلف میدانوں میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں، یہ صدقہ جاریہ ہے جو انسانیت بالخصوص غریب و مستحق خواتین کو اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں