وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ،خواجہ سعد رفیق کی شرکت،ساہیوال کول پاور پراجیکٹس پر تیزرفتاری سے پیش رفت پراتفاق

2017ء کے اختتام تک توانائی کے متعددمنصوبے بجلی پیدا کررہے ہوں گے‘شہبازشریف حکومت کا ہر قدم توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اٹھ رہا ہے ، ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے چین کے حالیہ دورہ کے دوران توانائی اوردیگر شعبوں میں جاری اورنئے منصوبوں پر تیزرفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیاگیا ہے پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے پاکستان کاپہلا اورسب سے بڑا 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ مکمل کرلیا ہے،جلد افتتاح ہوگا وفاقی اورپنجاب حکومت نے مل کرصوبے میں گیس سے3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیا ہے پاکستانی چین کے صدر کے دورہ پاکستان کیلئے چشم براہ ہیں،چینی صدر کے دورہ کے دوران متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 29 مارچ 2015 17:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران پنجاب میں توانائی کے مختلف منصوبوں خصوصاً ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا اورساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر تیزرفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیاگیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے حصول کیلئے انتہائی سنجیدہ اورمخلصانہ اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ ساہیوال میں چین کے تعاون سے کول پاور پلانٹس کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے اورتیزرفتاری سے اس منصوبے پر کام کرتے ہوئے 2017ء میں مکمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے بھی توانائی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔

چین کے حالیہ دورہ کے دوران توانائی اوردیگر شعبوں میں جاری اورنئے منصوبوں پر تیزرفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے پاکستان کاپہلا اورسب سے بڑا 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ مکمل کرلیا ہے اوراس منصوبے کا جلد افتتاح ہوگاجبکہ وفاقی اورپنجاب حکومت نے مل کرصوبے میں گیس سے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب حکومت گیس سے 1200میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگائے گی جبکہ وفاقی حکومت2400میگاواٹ کے منصوبے لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہر قدم توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اٹھ رہا ہے اور2017ء کے اختتام تک توانائی کے متعددمنصوبے بجلی پیدا کررہے ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم چین کے صدر کے دورہ پاکستان کیلئے چشم براہ ہے۔چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے ملک سے اندھیرے دور کر یں گے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹس کے منصوبے کیلئے کوئلے کی کراچی پورٹ سے ترسیل کیلئے نظام وضع کیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئلے کی پاور پلانٹس تک ترسیل کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے تیز رفتاری سے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزارت ریلویز کوئلے کی ترسیل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی نے ساہیوال کو ل پاور پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری پنجاب،وفاقی سیکرٹری / چےئرپرسن ریلویز،ساہیوال کول پاورپراجیکٹس پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے عہدیداران،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،جنرل مینجر ریلویز،نیپرا،این ٹی ڈی سی اورپورٹ قاسم اتھارٹی کے اعلی حکام کے علاوہ متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں