بد قسمتی سے پیپلز پارٹی کا کارکن آج اپنی شناخت کی تلاش میں ہے ‘ ناہید خان

بلاول اپنے کندھوں سے گزشتہ سالوں کا بوجھ اتار کر میدان میں آئیں کارکن اپنی جان بھی نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں

اتوار 29 مارچ 2015 17:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) پیپلز پارٹی کی شہید چیئر پرسن بینظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے پیپلز پارٹی کا کارکن آج اپنی شناخت کی تلاش میں ہے ، پورے ملک کی جماعت کو چند افراد تک محدود اور ایک خاص دائرے میں بند کر دیا گیا ہے ،اگر یہی حالات بر قرار رہے تو آئندہ عام انتخابات میں رہی سہی کسر بھی نکل جائے گی ۔

گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کے کارکن پارٹی کی نام نہاد قیادت کی پالیسیوں اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے شدید پریشانی سے دوچار ہیں ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی بجائے حکومت کا حصہ بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندر رہ کر اسکی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اسکے لئے دیرینہ رہنماؤں اور کارکنوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے انشا اللہ ایک دن پیپلز پارٹی کو دوبارہ اپنے پاؤں پرکھڑا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے الفاظ دہراتی ہوں کہ اگر بلاول بھٹو اپنے کندھوں سے گزشتہ سات سالوں کا بوجھ اتار کر اپنے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لے کر چلنے کا اعلان کریں اور عملی طور پر میدان میں آئیں کارکن ان پر اپنی جان بھی نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں