پر امن ملک اور منظم نظام حکومت میں حوثی باغیوں کے پاس مذموم کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں،مقررین ،

حجازِ مقدس کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی فریضہ ہے‘ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے اور اسلامی ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے مذموم کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں،جماعت اہل حدیث کے زیر اہتمام چوک دالگراں لاہور میں یمنی باغیوں کیخلاف سعودی کارروائیوں کی حمایت میں مظاہرہ

اتوار 29 مارچ 2015 18:54

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام چوک دالگراں لاہور میں یمنی باغیوں کے خلاف سعودی کارروائیں کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی نے کی۔ اس کے علاوہ مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا عبدالوحید شاہد روپڑی، مولانا بشیر سلفی، شاہد محمود جانباز، قاری فیض احمد و دیگر قائدین نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

مظاہرے میں کارکنان و ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین نے سعودی حکومت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور یمنی باغیوں کے غیر اخلاقی بغاوت کے خلاف سعودی کارروائیوں کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پر امن ملک اور منظم نظام حکومت میں حوثی باغیوں کے پاس مذموم کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

عالمی سازش کے تحت صیہونی طاقتوں کے آلہٴ کار بننے والوں کے خلاف سعودی عرب کی جانب سے دفاعی کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجازِ مقدس کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی فریضہ ہے۔ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے اور اسلامی ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے مذموم کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔ یمن میں حوثی باغیوں کو آلہٴ کار کے طور پر استعمال کر کے اسلام دشمن طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتی ہیں۔

وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ تمام مسلم قوتیں متحد ہو کر اسلام کے خلاف ہونیوالے سازشوں کا منہ توڑ جواب دیں۔ اسلامی تعلیمات کے منافی اور غیر اخلاقی بغاوت کرنے والے شر پسند حوثی باغیوں کے خلاف سعودی کارروائیاں انتہائی ناگزیر ہیں۔ اسلام دشمن قوتیں افغانستان، عراق، شام اور مصر کے بعد یمن اور سعودی عرب میں بھی خطرناک حالات پیدا کر کے عرب ممالک کی طاقت کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے مذموم کارروائیوں میں دن رات مصروف عمل اسلام دشمن طاقتوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے اسلامی طاقتوں کا ایک پیج پر آنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تحفظ حرمین شریفین کے لیے پوری امت مسلمہ کو متحد ہونے کا وقت آ چکا ہے۔ حوثی لیڈر کی جانب سے بیت اللہ پر قبضہ کے بیان پر انتہائی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کہا کہ حرمین شریفین کی طرف اٹھنے والی ہر آواز کو زمین بوس کر دیا جائے گا۔

مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مسلمان اپنی جانیں قربان کرنے کو سعادت سمجھتے ہیں اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مسلمانوں کا بچہ بچہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبدالغفار روپڑی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے مدبرانہ اور جراتمندانہ اعلان پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ سعودی عرب پاکستان کا محسن ہے جس نے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلق اور نظریاتی رشتے کی پاسداری کرتے ہوئے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

سعودی عرب کی سلامتی کو خطرے کے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے فوجی امداد کا کھلم کھلا اعلان کر کے حکومت پاکستان نے سعودی عرب کی دوستی کا حق ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا استحکام عالم اسلام کی بقا کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں