پانچ سالوں میں21لاکھ افراد نے ملک چھوڑا جبکہ38لاکھ مزید خیر باد کہنا چاہتے ہیں‘سید وسیم اختر ،

بیرون ملکپاکستانی خوشحالی کی علامت ہیں،ترسیلات زرکیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 29 مارچ 2015 19:10

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمدجنجوعہ نے کہا ہے کہ خراب ملکی حالات کے باعث صرف پانچ سال کے دوران21لاکھ سے زائد افراد بیرون ملک ملازمت کے لئے منتقل ہوچکے ہیں جوکہ حکمرانوں کی بدترین کارگزاری کامظہر ہے جبکہ مزید38لاکھ افراد ملک چھوڑنا چاہتے ہیں،پاکستان میں سیاسی کشیدگی،آئینی بحرانوں اور توانائی کے بحران کے سبب معاشی مسائل بڑھ رہے ہیں،بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے،رہی سہی کسر مہنگائی میں ہوشرباء اضافے نے پوری کردی ہے،لوگ فاقوں کے باعث خودکشیوں پر مجبورہیں۔

لمحہ فکریہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ جس میں ڈاکٹرز،انجینئرز،پروفیسرز اور نرسز جن کی تعلیم پہ ملکی خزانے سے ہر سال کروڑں روپے خرچ ہوتے ہیں پاکستان کو چھوڑ نے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب منتقل ہونے والوں کی تعداد12لاکھ43ہزار،متحدہ عرب امارات منتقل ہونے والوں کی تعداد8لاکھ66ہزار اور قطر میں27ہزار660منتقل ہوچکے ہیں۔برین کوڈرین ہونے سے روکا جائے۔

پڑھے لکھے اور ہنرمندافراد کوبیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیداکئے جائیں اور تمام بحرانوں کوختم کیاجائے۔مخلص اور محب وطن قیادت جب تک میسر نہیں آجاتی پاکستان کے حالات میں بڑی تبدیلی ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کسی بھی حکومت نے اپنے امیگرنٹس کے سرمائے کودیگر ایشیائی ممالک کی طرح استعمال کرنے کے لئے نہ توپالیسی بنائی اور نہ ہی کبھی ٹھوس حکمت عملی کااعلان کیا گیاہے۔

ہمارے بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی خوشحالی کی علامت ہیں۔اس وقت پنجاب سے19لاکھ افراد،9لاکھ افراد خیبرپختونخواہ سے،سندھ سے تین لاکھ37ہزار،قبائلی علاقہ جات سے93ہزار،کشمیر سے2لاکھ31ہزاراور بلوچستان سے47ہزار افراد بیرون ملک مقیم ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کی مجموعی تعداد74لاکھ ہے جن کا زیادہ ترحصہ مشرقی وسطیٰ،یورپ اور امریکہ میں مقیم ہے۔

افسوس ناک امریہ ہے کہ 1971سے2001تک تقریباً27ہزار انجینئروں اور8ہزار ڈاکٹروں نے ملک چھوڑ اہے جبکہ غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کودرپیش ناگفتہ بہ مسائل کے باعث مزید38لاکھ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔بیرون ملک اتنی بڑی تعداد میں ہونے والے انخلاء کوروکنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپناناہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں