سعودی عرب بہترین دوست ہے اس کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور دفاع کریں گے،خواجہ آصف،

بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے :وزیر دفاع

پیر 30 مارچ 2015 19:32

سعودی عرب بہترین دوست ہے اس کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور دفاع کریں گے،خواجہ آصف،

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں لیکن انہیں اچھے طریقے سے استعمال نہیں کیا جاتا، وسائل کا ضیاع ہمارا کلچر بن چکا ہے، 40 فیصد پانی ڈیموں سے نہروں تک پہنچانے میں جب کہ 25 فیصد پانی کوٹری بیراج پر ضائع ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مسلم لیگی رہنما و زیر دفاع خواجہ آصف نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ، نیلم جہلم پراجیکٹ بروقت مکمل ہوگا اس کے علاوہ بھاشا ڈیم پر بھی کام جاری ہے جس کے بعد داسو ڈیم بھی شروع ہوجائے گا۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارے بڑے بھائی کی طرح ہے جس نے ہمیشہ ہماری مدد کی،سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور ساتھ دیں گے، اس کے علاوہ یمن کے عوام بھی پاکستان سے بہت محبت کرتے ہیں، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن سے پاکستانیوں کاانخلا شروع ہوچکا ہے، جلد ہی تمام محصورین کی واپس مکمل ہوجائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں