پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات ہائی الرٹ،

اسمبلی کے گردونواح میں بلندو بالا عمارتوں کی چھتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ سنائپرز بھی تعینات

پیر 30 مارچ 2015 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات ہائی الرٹ کرتے ہوئے اسمبلی کے گردونواح میں بلندو بالا عمارتوں کی چھتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ سنائپرز بھی تعینات کئے گئے ۔ چیئرنگ کراس سے منٹگمری روڈ جبکہ ایوان اقبال سے واپڈا ہاؤس کی شاہرات کو پولیس نے بیرئیر لگا کر عام ٹریفک کیلئے بند کردیا۔

اس موقع پر ایس پی کی سطح کے آفیسر نے آئن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی کے معاملات پر سب سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شہر میں تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے ڈویژن کی سکیورٹٰ کی خود نگرانی کریں اور محض دفاتر میں بیٹھ کر خانہ پُری کرنے کی بجائے اپنے دفاتر سے باہر نکلیں اور اپنے ڈویژنوں کے تھانوں کے دورے کرے اور جہاں کہیں تھانہ انچارج یا اہلکاروں کی اپنے فرائض منصبی میں غلطی یا غفلت دیکھیں بلا امتیاز محکمانہ کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی سی پی او خود بھی اچانک وزٹ کرتے ہیں جس کے باعث تمام تھانہ جات اور ناکہ جات پر پولیس آفیسر واہلکار الرٹ ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر سکیورٹی کے معاملات میں کسی قسم کا رسک لینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ قائداعظم اور مصروف فیصل چوک میں مختلف اداروں کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے باعث سکیورٹی رسک بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ امن وامان کی صورتحال بہتر ہوتی چلی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں