کرپشن ، اقرباپروری ،ناجائز لوٹ مار اور قرضوں کی معیشت نے ملک کو کنگال کر دیا‘سراج الحق،

قرضے ملک کی ترقی پر خرچ ہونے کے بجائے حکمرانوں کے اکاؤنٹس میں چلے گئے اب ہمارا بجٹ وہی بناتے ہیں مسلمانوں کو جنگ کا ایندھن بنایا جارہاہے ، یمن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، وفاقی حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کرے، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ انہی کے حکم پر ہوتاہے جس کی وجہ سے غریب غریب تر ہوتا جارہاہے ‘امیر جماعت اسلامی کا تقریب سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ آج وطن عزیز میں ہر طرف ظلم اور فساد کا راج ہے ،بدامنی اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے ، بدامنی عروج پر ہے ، عالمی طاقتوں نے اپنے مفادات کی خاطر پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک میں قتل و غارتگری کا بازار گرم کر رکھاہے ، مسلمانوں کو جنگ کا ایندھن بنایا جارہاہے ، یمن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، وفاقی حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے ، حرمین شریفین کی حفاظت تمام مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے ، ایک ایٹمی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو سعودی عرب اور یمن کے مابین تنازعہ سمیت امت مسلمہ کے تمام مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق سینیٹر بننے کے بعد پہلی بار لوئر دیر پہنچے تو ہزاروں کی تعداد میں عوام نے خزانہ بائی پاس پر ان کا شاندار استقبال کیا ۔ انہوں نے لوئر دیر کے علاقہ ماخئی ، حسارک ، منڈا ، دیارون اور جان محمدہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔

سینیٹر سرا ج الحق نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 68 سال سے پاکستان پر ایسے حکمران مسلط چلے آ رہے ہیں جنہوں نے عوام کی بہبود اور ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔ انہوں نے اپنے مفادات سمیٹے اور ملکی وسائل و دولت پر قبضہ کر کے بیرون ملک بنک بیلنس بنائے ۔ کرپشن ، اقرباپروری ،ناجائز لوٹ مار اور قرضوں کی معیشت نے ملک کو کنگال کر دیا ۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے بے تحاشا قرضے لے کر ملک کو ان کا غلام بنادیا گیا ۔ یہ قرضے ملک کی ترقی پر خرچ ہونے کے بجائے حکمرانوں کے اکاؤنٹس میں چلے گئے اب ہمارا بجٹ وہی بناتے ہیں ۔ بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ انہی کے حکم پر ہوتاہے جس کی وجہ سے غریب غریب تر ہوتا جارہاہے ۔ غریب کے بچے علاج اور تعلیم سے محروم ہیں جبکہ حکمرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور بیرون ملک تعلیم حاصل کر تے ہیں ۔

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر یکساں نظام تعلیم رائج کر ے گی جس میں غریب کا بچہ اور حکمرانوں کے بچے ایک ہی سکول میں تعلیم حاصل کریں گے ۔ پانچ مہلک بیماریوں جن میں کینسر ، دل ، تھیلیسمیا ، یرقان اور گردوں کا علاج مفت ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان بن سکتاہے ۔ یہاں اسلامی نظام عدل رائج کر کے جرائم کا خاتمہ کریں گے ۔

غریب کی عزت بحال کریں گے ۔ سراج الحق نے کہاکہ سینیٹ کے انتخابات کے موقع پر کروڑوں روپے خرچ کر کے ووٹ خریدے گئے ہیں جو پارلیمان کی تاریخ میں ایک شرمناک اور افسوسناک فعل ہے ۔ سینیٹ میں ووٹ فروخت کرنے والے کس منہ سے جماعت اسلامی پر الزامات لگارہے ہیں اور جماعت اسلامی کو بدنام کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پی کے 95 میں جماعت اسلامی کی مقبولیت اور جیتنے کے آثار دیکھ کر مخالفین کے اوسان خطا ہو گئے ہیں ۔

جماعت اسلامی گزشتہ کی طرح اب پھر پی کے 95 میں کلین سویپ کرے گی ۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ ساری شیطانی قوتیں پی کے 95میں جماعت اسلامی کے خلاف صف اراء ہونے کیلئے کمربستہ ہیں لیکن اپ لوگوں نے ان کا مقابلہ کرنا ہے آپ لوگوں نے لالچ اور پیسے کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے پہلے کی طرح مستر د کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں کے سامنے ایک جرگہ لیکر آیا ہوں اور پختون قوم ہمیشہ جرگے کا احترام کرتی ہے اسلئے آئندہ ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں اسلام پسند لوگوں کو ووٹ دیکر اپنا فرض نبھائیں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مخالفین کے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور الیکشن میں کامیابی کیلئے دن رات کام کریں اپنے دورے کے دوران سراج الحق نے گرلز ہائی سکول ماخئی،بوائے ہائی سکول حسارک ،سنیٹیشن پروگرام دیارون،سنیٹیشن پروگرام کوٹکی،سنیٹیشن پروگرام رحیم آباد اور پی سی سی روڈ کولم درہ میں کروڑوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا اس موقع پر پی کے 95سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار اعزازالملک افکاری نے بھی خطاب کیا ۔

سراج الحق نے ڈائس کو چھوڑ کر لوگوں کے درمیان کھڑے ہوکر اجتماعات سے خطاب کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں