نام نہاد کسان دوست حکمرانوں نے گندم کے کاشتکاروں کا استحصال کرنے کا منصوبہ بنا لیا ‘ جمشید اقبال چیمہ

نئی فصل رکھنے کیلئے جگہ کا انتظام نہیں کیا جا سکا،خریداری مہم کو نعروں اور اشتہارات تک محدود رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ‘ رہنما پی ٹی آئی

بدھ 1 اپریل 2015 20:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ نام نہاد کسان دوست حکمرانوں نے گندم کے کاشتکاروں کا استحصال کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے ، گندم کی فصل کٹائی کیلئے تیار ہے لیکن بیورو کریسی کے ذریعے صوبے کو چلانے والے وزیر اعلیٰ ابھی صرف تجاویز مرتب کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کاشتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدنے کے دعوے کر رہی ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پہلے سے موجود گندم کو گوداموں سے نہیں نکالا جا سکا نئی فصل کہاں رکھی جائے گی ۔

گندم خریداری مہم کو صرف نعروں اور اشتہارات تک محدود رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جسکے باعث گندم کا کاشتکار اپنی فصل سڑ ک پر پھینکنے پر مجبور ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ساری توجہ صرف اپنے پیاروں کو نوازنے پر مرکوز ہے جبکہ ملک کی اکثریتی آبادی کسانوں کو دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے جسکے اچھے نتائج نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کاشتکاروں کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی انکے حقوق کے لئے آواز بلند کرے گی اور اسکے لئے جلد لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں