لیاقت بلوچ کی حافظ محمد سعید اور علامہ ناصر عباس سے ملاقات

ملاقات میں پاکستان اور ترکی ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کا کردار ادا کرنے پر اتفاق

بدھ 1 اپریل 2015 20:56

لیاقت بلوچ کی حافظ محمد سعید اور علامہ ناصر عباس سے ملاقات

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بجلی کی بے تحاشا لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی جام کر دیاہے ، حکومت کے بجلی بحران خاتمہ کے تمام دعوے جھوٹ اور فریب ثابت ہو رہے ہیں ، واپڈا کی نج کاری کے لیے بدانتظامی اور بدنیتی سے عوام کو عذاب میں مبتلا کر دیا گیاہے ،وفاقی حکومت بدترین لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لیے فوری بہتر انتظامی اقدامات کرے وگرنہ پورے ملک میں عوامی احتجاج حکومت کو چھٹی کا دودھ یاد کرا دے گا ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قومی معیشت کے لیے دھچکا ہے ، وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر حکومتی ٹیکسوں کو ری ایڈجسٹمنٹ کرلیتی اور کاروبار زندگی میں استحکام برقرار رکھا جاتا ، حکومت عوام کے لیے روزگار ، زراعت و صنعت ، تجارت کو سہارا دینے کی پالیسی اختیار کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،فیول ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کی قیمت میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا لیاقت بلوچ کی مڈل ایسٹ خصوصاً سعودی عرب یمن کے حالات اور پاکستان کے کردار کے حوالہ سے جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید اور مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس سے ملاقات ہوئی اور اس امر پر اتفاق ہوا کہ پاکستان اور ترکی ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کا کردار ادا کریں ۔ عالم اسلام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے عالم اسلام کی قیادت مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، عبدالغفار عزیز ، میاں مقصود احمد ، امیر حمزہ ، قاری یعقوب شیخ ، سید ناصر شیرازی اور احمد سلمان بلوچ بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں