حکومت ملک میں نوجوانوں کی بہبود کیلئے مختلف پروگراموں پر عمل پیرا ہے‘ عرفان دولتانہ

جمعرات 2 اپریل 2015 13:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹرین یوتھ کاکس کے جنرل کے طور پر نوجوانوں کے مسائل حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، ان کے لئے روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں نوجوانوں کی بہبود کیلئے مختلف پروگراموں پر عمل پیرا ہے، وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم سمیت طلبہ کیلئے تعلیمی وظائف اور مختلف کورسز اور پروگرام جاری ہیں، وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت 3.85 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے۔

نیشنل بینک آف پاکستان نوجوانوں کے لئے اسکیم سے متعلق جامع آگاہی مہم شروع کرے گا، سندھ بینک نے 100 ملین روپے کے ابتدائی سرمایہ کے ساتھ اسکیم کا پہلے ہی آغاز کر دیا ہے، حبیب بینک اور حبیب میٹرو پولیٹن بینک نے سکیم کے لئے 2 ارب روپے کا ابتدائی سرمایہ مختص کیا، ایم سی بی نے سٹیٹ بینک کی جانب سے بزنس تجویز کی منظوری کے بعد جلد ہی سکیم شروع کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے، میزان بینک اور یو بی ایل بھی 2015ء کی پہلی سہ ماہی میں سکیم کے آغاز کے لئے فعال رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر 59702 درخواستوں میں سے 15101 درخواستیں منظور کی گئیں۔ سکیم کے تحت بیروزگار نوجوانوں میں قرضے کی تقسیم کے لئے 11.03 ارب روپے مختص کئے گئے۔ مختلف وجوہات کے باعث 3625 درخواستیں مسترد ہوئیں۔ درخواست گزاروں کو قرضہ کی تقسیم میں تاخیر سے بچنے کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے۔ اسی طرح وزیراعظم کی قرضہ فری سکیم کا مجموعی بجٹ 3.5 ارب روپے ہے جس میں سے 1.75 ارب روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی سود سے پاک قرضہ سکیم کے حصول کے لئے مجموعی طور پر 24544 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 11684 مرد حضرات کی در خواستیں اور 12860 خواتین کی درخواستیں شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں