دورہ بنگلہ دیش: قومی ٹیم سے عمر اکمل اور ناصر کی چھٹی یقینی نظر آنے لگی

جمعرات 2 اپریل 2015 16:37

دورہ بنگلہ دیش: قومی ٹیم سے عمر اکمل اور ناصر کی چھٹی یقینی نظر آنے لگی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2 اپریل ۔2015ء ) دورہ بنگلہ دیش کے لیے سلیکشن کمیٹی اور قومی ٹیم کے تینوں کپتانوں کے مابین مشاورت جاری ہے اور عمر اکمل اور ناصر جمشید کی چھٹی یقینی نظر آرہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے سکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلیے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور چیف سلیکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں چار رکنی سلیکشن کمیٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے کپتانوں کے ساتھ لاہور میں میٹنگ میں مصروف ہیں ۔

باخبر ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے نوجوان کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور ورلڈ کپ کے لیے منتخب ٹیم سے عمر اکمل اور ناصر جمشید کو باہر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔عمر اکمل نے ورلڈ کپ کے سات میچوں میں 164 رنز بنائے تھے جبکہ ناصر جمشید چار میچوں میں صرف پانچ رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

(جاری ہے)

سکواڈ میں فواد عالم کی شمولیت یقینی ہے جبکہ نوجوان اوپنر سمیع اسلم اور بابر اعظم کی شمولیت پر بھی غور وضوض جاری ہے، اس کے علاوہ انور علی کو بھی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹس پر بھی مشاورت کی جائےگی۔یاد رہے کہ قومی ٹیم دورہ بنگلہ دیش میں دوٹیسٹ، تین ون ڈے اورایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلےگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں