سٹی ٹر یفک پولیس کے زیر اہتمام ون ویلنگ سے ہونیوالے نقصانات اور محفوظ سفر کا شعوربیدار کر نے کیلئے اینٹی ون ویلنگ واک کا اہتمام

جمعرات 2 اپریل 2015 17:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہوطیب حفیظ چیمہ کی قیادت میں نوجوانوں کو ون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے دور رکھنے اورشہریوں میں محفوظ سفر کا شعور بیدار کرنے کیلئے حفیظ سنٹر سے کے چوک گلبرگ تک "انٹی ون ویلنگ واک" کا اہتمام اٹلس ہنڈا کے تعاون سے کیا گیا۔جس میں ایس پی سٹی ٹریفک آصف صدیق، ایس پی ہیڈ کوارٹر رانا شجاعت،ڈی ایس پی لائسنسنگ امتیازالرحمٰن ، اٹلس ہنڈا کے سیفٹی منیجر تسلیم شجاع،تاجروں،ون ویلنگ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین، مختلف سکول و کالجز کے طلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

ٹریفک واک میں شرکاء نے پلے کارڈز اوربینرز اٹھارکھے تھے جبکہ شہریوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے جن پر ون ویلنگ اور خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کا مظاہر ہ کرنے سے رونما ہونے والے نقصانات بارے پیغامات درج تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی او نے کہاکہ ون ویلنگ ایک خطرناک کھیل ہے جس کے اثرات متاثرہونیوالے نوجوان کیساتھ انکے گھروالوں پربھی زندگی بھرکیلئے مرتب ہوتے ہیں ہم سب کااخلاقی فرض ہے کہ ہم اپنے پیاروں کواس کھیل سے دوررکھیں۔

نوجوان نسل مستقبل کاقیمتی اثاثہ ہیں اور ملک وقوم کے مستقبل کوون ویلنگ کی نذر ہو نے نہیں دیا جا ئے گابلکہ ہمیں انکی توانائیوں کوتعمیراتی کاموں کیلئے وقف کرناچاہیے۔انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلنگ کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے خاص طور پر ہفتہ اور اتوار کے دنوں میں خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے اور گرفتار ہونے والے ویلرز کے خلاف بلا امتیاز مقدمات کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔

سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک لیکچرز،واکس اور سمینارز کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کوون ویلنگ کے نقصانات بارے ایجوکیٹ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کے خاتمے میں سٹی ٹریفک پویس کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ محفوظ سفر،حادثات کی روک تھام،منظم ٹریفک اور نظم و ضبط پیدا کر نے کیلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین کے با رے زیادہ سے زیاد شعوراجاگر کر نا بے حد ضروری ہے ۔ٹریفک واک میں شریک ون ویلنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین نے کہا کہ ذرا سی غفلت اور لاپرواہی والدین کیلئے زندگی بھر کا پچھتاوا بن جاتی ہے۔والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کرتے ہوئے ، اپنے بچوں اور عزیزو اقارب کواس خطرناک کھیل سے دوررکھیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں