عام آدمی کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے،کسی کو بھی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے‘ شہبازشریف

صوبائی وزراء، کمشنرز اور انتظامیہ اتوار بازاروں کے دورے کرکے صورتحال کا خودباقاعدگی سے جائزہ لیں ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی کم قیمتوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 2 اپریل 2015 18:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں اشیائے ضروریہ، ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی قیمتوں کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔کسی کو بھی اوورچارجنگ کے ذریعے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ۔

عوام کو ریلیف کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے۔ تمام متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کمربستہ ہو جائیں۔ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی کم قیمتوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدام سے صوبے بھر کے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے موثر مانیٹرنگ کے نظام پر عملدرآمد جاری رکھا جائے۔

خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔اتوار بازاروں میں تمام برانڈز کے ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی نئی کم مقررکردہ قیمتوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزراء، کمشنرز اور انتظامیہ اتوار بازاروں کے دورے کرکے صورتحال کا خود جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کی مکمل روک تھام کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے ۔

ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کا فائدہ ہر صورت عوام تک پہنچایا جائے اور نئی قیمتوں کا اطلاق پورے صوبے میں یقینی بنایا جائے تاکہ اس ضمن میں فراہم کئے جانے والے ریلیف کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جا سکیں۔ عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی سماجی و معاشی انصاف کے زمرے میں آتا ہے،متعلقہ ادارے اس ضمن میں اپنی تمام ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے۔

سیکرٹری صنعت و لائیوسٹاک نے ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔صوبائی وزراء بلال یاسین، چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز صنعت و لائیوسٹاک،سیکرٹری اطلاعات، زراعت، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں