غیرمعمولی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش میں اضافہ ہوگیا

تمام محکمے آؤٹ ڈور اور ان ڈور ڈینگی سرویلنس کے اقدامات مزید تیزکردیں‘خواجہ سلمان رفیق وزیراعلیٰ نے لاہور، راولپنڈی اور شیخوپورہ کیلئے 4373ڈینگی سٹاف بھرتی کرنے کی منظوری دے دی تینوں ضلعوں میں نئی آسامیوں پر بھرتی چند روز میں شروع ہوجائے گی، 75کروڑ خرچ ہوں گے، پنجاب میں ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا

جمعرات 2 اپریل 2015 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور ، راولپنڈی اور شیخوپورہ کیلئے ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کی روک تھام کیلئے 4373سینٹری پٹرولز کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے جس میں سے 2956اہلکار لاہور کیلئے ،1067راولپنڈی اور 350ضلع شیخوپورہ کیلئے بھرتی کئے جائیں گے، حکومت کو 75کروڑ روپے سے زائد اضافی اخراجات برداشت کرنا ہوں گے، غیرمعمولی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش گذشتہ سال کی نسبت رواں سال زیادہ دیکھنے میں آ رہی ہے لہٰذا تمام محکمے انسداد ڈینگی کیلئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔

یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، محکمہ اطلاعات و ثقافت، اوقاف، کوآپریٹوز، لوکل گورنمنٹ، زکوٰة و عشر، زراعت، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، آبپاشی، محکمہ ماہی پروری، سوشل ویلفیئر، فوڈ اتھارٹی، لیبر ڈیپارٹمنٹ ، ٹرانسپورٹ، پی آئی ٹی بی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سپیشل برانچ ، پولیس، موسمیات، ریلوے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ کمشنر راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، عوامی آگاہی کیلئے سیمینارز، واکس کے انعقاد، قبرستانوں، کباڑخانوں، ٹائرشاپس، تعمیراتی جگہوں پر خصوصی ڈینگی سرویلنس کے بارے رپورٹ پیش کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر گوجرانوالہ سے کہا کہ گوجرانوالہ میں سرامکس انڈسٹری کے ڈمپنگ گراؤنڈز کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ کھلے آسمان تلے سکریپ میں ڈینگی لاروا پیدا نہ ہو۔

انہوں نے ہدایت کی کہ رپورٹ ہونے والے ڈینگی لاروے کا سیمپل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو تجزیہ کیلئے لازماً بھجوایا جائے۔اجلاس کو بتایاگیاکہ لاہور اور راولپنڈی میں ڈینگی لاروا کافی تعداد میں رپورٹ ہوا ہے جبکہ گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی چند مقامات سے ڈینگی لاروا رپورٹ ہوا۔ ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ لاہور میں تمام سرویلنس ٹیموں کو متحرک کردیاگیا ہے اور سخت سرویلنس کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہو رہی ہے جس سے ڈینگی مچھر کا خاتمہ ممکن ہورہا ہے۔

کیپٹن (ر) عثمان نے مزیدبتایاکہ لاہور میں اب تک 42افراد کے صاف ڈینگی ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر FIRدرج کرائی گئی ہے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ڈینگی وارڈز اور کاؤنٹرز بنانے کی پہلے ہی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ اب تک 998ڈاکٹرز اور نرسز کو ڈینگی کے مریض کی کلینکل مینجمنٹ کی تربیت فراہم کر چکا ہے۔

ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے کہا کہ تربیتی پروگرام میں جنرل پریکٹشنرز کی طرف سے شرکت کے سلسلہ میں گرم جوشی دیکھنے میں نظرنہیں آرہی۔خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سال راولپنڈی میں ڈینگی ہیمریجک بخار کے مریض زیادہ تھے ڈاکٹرز کی بہتر تربیت کی وجہ سے معا لجین مریضوں کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ نیا سٹاف بھرتی ہونے سے انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ اور کامیابی ہوگی۔ انہوں نے وفاقی محکموں ریلوے، سوئی گیس اور دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ ایک ایک اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سالڈویسٹ مینجمنٹ کے افسران نے 687خالی پلاٹوں سے سالڈ ویسٹ اٹھانے اور نالوں سے کوڑا کرکٹ کی صفائی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جبکہ واسا حکام نے ٹیوب ویلوں کی لیکج اور کھڑے پانی کی ڈسپوزل بارے بتایا۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ سکولوں اور کالجوں میں زیروپریڈبھی ہو رہا ہے جس کے دوران طلبہ کو ڈینگی بارے آگاہی فراہم کی جاتی ہے اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آگاہی کیلئے سیمینارز ،واکس کا اہتمام بھی باقاعدگی سے کیا جار ہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم نے محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کے امکان کے حوالے سے کہا کہ زیادہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ڈینگی کی افزائش کا سبب بنے گا لہٰذا تمام محکموں کو انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں