صوبائی دارالحکومت میں جمعة المبارک کے موقع پر سکیورٹی انتظامات

جمعہ 3 اپریل 2015 15:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں جمعة المبارک کے موقع پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہر کی معروف مساجد‘ مزارات‘ امام بارگاہوں ‘ عبادت گاہوں اور اہم عمارات کے گر د اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ مرلب سڑک مساجد کو ایک جانب سے قناعتیں لگا کر بند کیا گیا اور نمازیوں کی گاڑیوں کو پارک کرنے کیلئے کئی گز کے فاصلے پر جگہ مہیا کی گئی۔

خصوصا دربار داتا صاحب‘ بی بی پاک دامن اور کربلا گامے شاہ کے باہر واک تھروگیٹس کے علاوہ میٹل ڈٹیکٹر سے چیکنگ کی گئی جبکہ خواتین کے بیگز کی بھی تلاشی لینے کے بعد ہی اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ شہر کی معروف شاہرات پر جگہ جگہ بریئر لگا کر ناکہ بندی پر چیکنگ کی گئی۔ سکیورٹی پر مامور آفیسر نے آئن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دہشت گردی کی روک تھام حکومت اور پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام مساجد کے باہر جمعة المبارک کی نماز کے موقع پر سکیورٹی فورم کے علاوہ مساجد کے رضا کار گارڈ بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ رضاکاروں کو ہدایت دی گئی کہ نماز کی ادائیگی کے لئے آنے والے اجنبیوں کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھیں۔ معمولی شک گزرنے پر سکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نماز کے اوقات میں مساجد کے چاروں اطراف سکیورٹی گارڈ الرٹ کردئیے گئے ہیں جو کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے مستعد اور چوکنا اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں