تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے اپنے ڈویژنوں کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں‘سی سی پی او

جمعہ 3 اپریل 2015 15:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے آئن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ میٹل ڈٹیکٹر سے چیکنگ کے بعد ہی گاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ معمولی شک گزرنے پر سواریوں کو گاڑی سے اتار کر مکمل تلاشی لی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ شہر میں لگائے جانے والے ناکہ جات پر شہریوں کو ہونے والی پریشانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں عوام الناس کو پیش آنے والی دشواریوں کا مکمل احساس ہے مگر انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا خاتمہ ان کا سب سے بڑا ٹارگٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف پولیس ہی کی ذمہ داری نہیں ہے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے عوام الناس کی بھرپور مدد اور تعاون درکار ہے۔

انہوں نے کہا میڈیا کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں بیٹھے کی بجائے اپنے ڈویژنوں کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی شہر کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہر کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقے کی مساجد کے اماموں وخطیبوں اور کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرکے امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں کریں۔

مساجد کے لاؤڈ سپیکر ز کو صرف اذان کے لئے استعمال کریں۔مساجد کے لاؤڈ سپیکرز کے غلط استعمال کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اماموں اور خطیبوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ کسی دیگر مسالک کیخلاف شرانگیز تقریر کرنا یا تحریری مواد برآمد ہونے پر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نماز کے اوقات میں مساجد کے صر ف ایک گیٹ کو استعمال کیا جائے دیگر دروازے بند رکھے جائیں۔

دروازوں پر سکیورٹی اہلکار کے علاوہ مساجد کے رضاکار گارڈز تعینات کئے جائیں جو نماز کے لئے آنے والے اجنبیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک فوجی ہوں اور ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرسکتا۔ سکیورٹی کے معاملے میں کسی آفیسر یا اہلکار کو لاپرواہی یا غفلت پر معاف نہیں کیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں