فیصل آباد کے لوگوں کو ٹارگٹ کلرز سے بچایا جائے ،وزیر داخلہ تلاش کے باوجود نہیں مل ر ہے ‘حکومتی رکن میاں طاہر

جمعہ 3 اپریل 2015 17:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن اسمبلی میاں طاہر پرویز نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ پکڑے گئے ٹارگٹ کلرز کیلئے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کیا جارہا ہے ۔ پنجا ب اسمبلی کے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے میاں طاہر نے کہا کہ فیصل آباد میں 26افراد کو ٹارگٹ کلنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے ، میری درخواست ہے کہ فیصل آباد کے شہریوں کو ٹارگٹ کلرز سے بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان واقعات کے ٹارگٹ کلرز پکڑے ہیں جن کیلئے سیاسی دباؤ استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ کو تین چار روز سے ڈھونڈ رہا ہوں لیکن وہ نہیں مل رہے ۔ وزیرقانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ اسلام آباد میں منعقدہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہیں اس لئے وہ نہیں آسکے ۔

(جاری ہے)

معزز رکن اسمبلی نے جوبھی معاملہ اٹھایا ہے اسے وزیر داخلہ تک پہنچا دیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن طاہر سندھو ایڈووکیٹ نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کھاد کی بلیک میں فروخت جاری ہے اور مختلف مقامات پر مختلف قیمتیں وصول کی جارہی ہیں ۔ ملاوٹ شدہ اور ناقص زرعی ادویات کی وجہ سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ادویات کی کمپنیاں اپنی مرضی سے قیمتیں نافذ کرتی ہیں۔ مطالبہ ہے کہ ان قیمتوں کو ریگولیٹ کیا جائے اور ان کمپنیوں کو قیمتیں درج کرنے کا پابند بنایا جائے ۔

قائمقام اسپیکر سردار شیر علی گورچانی نے کہا کہ سوموار کے روز اس حوالے سے جواب لیا جائے گا ۔اپوزیشن رکن فائزہ احمد ملک نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس سال ڈینگی لاروے کی افزائش بڑھ گئی ہے جسکے باعث ڈینگی کے سخت حملے کا خطرہ ہے ۔صوبے میں ہیپاٹائٹس سی کے انجکشن بھی دستیاب نہیں جو تشویش کی بات ہے ۔ قائمقام اسپیکر نے کہا کہ متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری یا وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت سے اس معاملے پر جواب لیتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں