حج انتظامات کی بہتر ی کیلئے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی تیاری ، شکایات کے اندارج کے لئے ٹال فری ہیلپ لائن کا اجراء

جمعہ 3 اپریل 2015 17:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزارت مذہبی امور نے حج انتظامات شفافیت سے مکمل کرنے‘حج آپریشن کو جدید تقاضوں کے مطابق چلانے‘مختلف مراحل پر درپیش رکاوٹوں اور تاخیر کے خاتمے‘ سفر حج پر روانگی سے پہلے ہی عازمین حج کورہائشی عمارتوں میں کمروں کی الاٹمنٹ ‘ حج پروازوں کی بکنگ اور حج انتظامات کے بارے میں ان کی شکایات کے نہایت آسان طریقے سے اندراج کے لئے جامع انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کر لئے ہیں ۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا ہے کہ حاجیوں کے لئے حج پروازوں اور رہائشی کمروں کی الاٹمنٹ‘حج انتظامات کی مانیٹرنگ اور پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی سہولت کے لئے علیحدہ علیحدہ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم وضع کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ سسٹم دوران حج اپنے ساتھیوں سے بچھڑے جانے والے افراد کی تلاش ‘ سامان کی گمشدگی ‘قوانین اور پالیسیوں سے ناواقفیت اور حاجیوں کی صحت سے متعلقہ امور کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات دور کرنے کے لئے مدد گار ثابت ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی جس کے نتیجے میں ان کے کوائف کا تمام ڈیٹا فوری طور پر دستیاب ہوگا۔ان تفصیلات کی روشنی میں ہر حاجی کی ضروریات کا تعین کیا جا سکے گا اور ان کے لئے ضروری سہولیات کا جلد از جلدانتظام اور ان کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ حج مانیٹرنگ سسٹم حاجیوں کی مشکلات کے بروقت ازالے کے سلسلے میں بے حد کامیاب ہے ۔

اس سسٹم کے تحت حاجی اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں اور ان کے جوابات اور ردعمل کی روشنی میں مانیٹرنگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حج انتظامات کے بارے میں شکایات کے فوری اندارج اور معلومات کے لئے خصوصی حج ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے -تمام پاکستانی عازمین روانگی سے پہلے اور دوران حج سعودی عرب میں قیام کے دوران معلومات‘ شکایات اور تجاویز کے لئے کسی بھی دن کسی بھی وقت اس ٹیلی فونک سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں -پاکستان میں کال کرنے کے لئے یو اے این نمبر‘ سعودی عرب سے پاکستان کا ل کرنے کے لئے علیحدہ نمبر اور سعودی عرب کے اندر ہی شکایات در ج کروانے کے لئے ٹال فری نمبراورشکایات کے اندراج اور جوابات معلوم کرنے کے لئے اینڈ ی رائیڈ ایپلی کیشن تیار کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ان کی شکایات کے آن لائن اندراج کے لئے ویب سائٹ www.cms.mora.gov.pkبھیبنائی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں