اساتذہ کے تقرروتبادلے ‘ الاؤنسز اور دیگر مراعات کوامتحانی نتائج سے مشروط کیا جارہا ہے، تاکہ سرکاری سکولوں پر والدین کااعتماد مستحکم ہو سکے ،ڈی سی او سرگودہا ثاقب منان

جمعہ 3 اپریل 2015 18:01

سرگودہا ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) ڈی سی او سرگودہا ثاقب منان نے کہاہے کہ اساتذہ کے تقرروتبادلے ‘ الاؤنسز اور دیگر مراعات کوامتحانی نتائج سے مشروط کیا جارہا ہے ۔ اساتذہ ملک کے ہونہار وں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے خلوص نیت ‘ احساس ذمہ داری او رخود احتسابی کو حرزجاں بنائیں تاکہ سرکاری اداروں پر والدین کااعتماد مستحکم ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول میں وزیر اعلیٰ پنجاب پروگرام ” پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب “ کے تحت پنجاب ایگزامینشن کمیشن کے زیرا ہتمام پنجم اور ہشتم کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات کی تقسیم اور نئی داخلہ مہم کے ضمن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ای ڈی او تعلیم لیاقت علی ناصر ‘ ڈی او سکینڈی اللہ رکھا ‘ ڈی او ایلیمنٹری چوہدری مقصود ‘ پرنسپل گورنمنٹ ایلیمنٹری ٹیچرز ٹریننگ کالج سرگودہا ملک ظہور احمد ‘ ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹر احسان بھٹی ‘ اساتذہ وطلباء وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ثاقب منان نے کہاکہ اساتذہ او رطلبہ کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ طلبہ اساتذہ کے سیرت وکردار کے پر توہوتے ہیں ۔محنت لگن او راخلاص سے بہرہ مند اساتذہ بچوں میں انہیں خوبیوں کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ طلبہ میں ادراک ‘ سو جھ بوجھ ‘ خوداعتمادی اور قائد انہ صلاحیتیں پیدا کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

انہوں نے پنجاب ایگزامینشن کمیشن میں سرکاری اداروں کے نتائج کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہترمراعات ‘ وسیع تر انفراسٹرکچر ‘ معیاری لیبارٹریوں کے قیام کے باوجود سرکاری ادارے نجی اداروں سے تدریسی اعتبار سے بہت پیچھے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں میں اساتذہ او رطلبہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر ڈی او سکینڈری چوہدری اللہ رکھا نے پی ای سی امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کر نے والے طلبا وطالبات کا اعلان کیا او رڈی سی او سرگودہا نے انعامات تقسیم کئے ۔

تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کے اداروں کے سربراہان کو بھی تعریفی اسناد دی گئیں ۔ بعد ازاں ڈی سی او نے پنجاب اسٹاف ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سرگودہا کے زیر اہتمام ابتدائی نمائشی کلاس کا معائنہ کیا ۔ بچیوں نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کیا۔ ڈی سی او نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں