سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘ شہبازشریف

جنگ ہو یا امن ،سیلاب ہویا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے وزیراعلیٰ سے سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات، زراعت، لائیوسٹاک اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار

جمعہ 3 اپریل 2015 19:35

سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘ شہبازشریف

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ پاک سعودی مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران پرمشتمل وفد کی قیادت جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین مازن محمد بتر جی کر رہے تھے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں نے زراعت، لائیوسٹاک اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ دو طرفہ معاشی تعاون کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی اوربھائی چارے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

جنگ ہو یا امن ،سیلاب ہویا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان لائیوسٹاک پیدا کرنے والا دنیا کا ایک بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے شدید بحران نے تمام شعبوں کو بری طرح متاثرکیاہے۔

حکومت توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل پربھر پور توجہ دے رہی ہے اوروفاقی اور پنجاب حکومت نے ملکر پنجاب میں گیس سے 3600میگا واٹ بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کا پروگرام بنایاہے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت ، معیاراور برق رفتاری سے تکمیل کی پالیسی کے تحت مکمل کئے جا رہے ہیں۔

پنجاب سے توانائی ، زراعت او رلائیوسٹاک کے شعبوں سے وابستہ افراد کا وفد جلد سعودی عرب بھجوایا جائے گا۔جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین مازن محمد بتر جی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اورجدہ کے مابین سرمایہ کاروں کے وفود کے باہمی تبادلے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔زراعت ،لائیوسٹاک ،توانائی اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق، مشیربرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور ، سیکرٹریز صحت،ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں