وزیراعلیٰ کھلاڑیوں اورریٹائرڈ کھلاڑیوں کیلئے وظائف کا جلد اعلان کرینگے، ڈی جی سپورٹس پنجاب

ہفتہ 4 اپریل 2015 13:10

وزیراعلیٰ کھلاڑیوں اورریٹائرڈ کھلاڑیوں کیلئے وظائف کا جلد اعلان کرینگے، ڈی جی سپورٹس پنجاب

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کھلاڑیوں، ریٹائرڈ کھلاڑیوں اور مرحوم کھلاڑیوں کے ورثا کیلئے وظائف او ر مالی معاونت کا جلد اعلان کریں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب میں ڈسپلن اور میرٹ پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے، سپورٹس فیڈریشنز بھی میرٹ پر سختی سے عمل کریں تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزاپنے ایک بیان میں کیا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب میں سسٹم انتہائی مضبوط بنا دیا ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول اور دیگر سپورٹس کے ایونٹس باقاعدگی سے منعقد ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

باصلاحیت کھلاڑیوں کو غیرملکی کوچز سے تربیت دلانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ٹائیٹل جیتیں، نئے کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سپورٹس میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے تاکہ وہ سماج دشمن عناصر سے محفوظ رہیں اور پاکستان کے کارآمد شہری بن کر ملک و قوم کیلئے عزت کا باعث بنیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے اس ویژن کی روشنی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے نوجوانوں کیلئے سپورٹس کے وسیع مواقع فراہم کئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جلد کھلاڑیوں، ریٹائرڈ کھلاڑیوں اور مرحوم کھلاڑیوں کے ورثاء کیلئے وظائف اور مالی معاونت کا جلد اعلان کریں گے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کا انفراسٹرکچر انتہائی مضبوط بنا دیا ہے، عوام کو سپورٹس سے آگاہی کیلئے بھی بہترین اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سپورٹس کی جانب آئیں۔سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس فیڈریشنز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں