وزیر اعظم پاکستان ہاکی کو بچانے کے لیے جتنا جلدی ہو سکے ضروری اقدامات اٹھائیں‘ صدر پی ایچ ایف

2016 کے ریو اولمپکس کے کوالیفائنگ مقابلوں کی تیاری میں موجودہ مالی بحران مسائل پیدا کررہا ہے ‘ اختر رسول

ہفتہ 4 اپریل 2015 17:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول نے وزیر اعظم نواز شریف سے قومی کھیل کو بچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی مسائل کے سبب مشکلات کا شکار پاکستانی ہاکی کو بچانے کے لیے جتنا جلدی ہو سکے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،مجھے کوئی وزارت یا عہدہ نہیں چاہیے، میرا تمام تر مفاد انٹرنیشنل ہاکی میں پاکستانی پرچم کو سربلند کرنے میں ہے جس نے ماضی میں سونے، چاندی اور کانسی کے 65 تمغے جیتے۔

ایک انٹر ویو میں اختر رسول نے کہا کہ مجھے ہاکی کے کھیل سے مخلصانہ محبت ہے اور میں اس کھیل کا مزید زوال نہیں دیکھنا چاہتا جسے کسی اور نے نہیں بلکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے قومی کھیل قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کرتا ہوں کہ پاکستان ہاکی کو بچانے کے لیے جتنا جلدی ہو سکے ضروری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

اختر رسول نے کہا کہ 2013 میں پی ایچ ایف کا صدر منتخب ہونے کے بعد میں نے تمام مشہور اولمپینز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کامیاب کوشش کی کیونکہ میں جانتا تھا کہ 2008 سے ان کے درمیان گروپنگ کی وجہ سے کھیل کو کافی نقصان پہنچا۔فیڈریشن کی کوششوں کی وجہ سے شہناز شیخ، اصلاح الدین صدیقی اور متعدد دیگر کھلاڑیوں نے فیڈریشن کا ساتھ دیا اور ہم نے عالمی ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ پانے کے لیے کوششیں شروع کیں۔

انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل سے ہم چیمپیئنز ٹرافی 2014 میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے اور گزشتہ سال ایشین گیمز میں بھی رنر اپ رہے۔ ٹیم نے اچھا کھیلنا شروع کردیا ہے اور میرے خیال میں وہ دن دور نہیں جب پاکستان ہاکی عالمی ہاکی میں فتوحات کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے گی۔انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایف کو فی الحال 2016 کے ریو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا چیلنج درپیش ہے جس کے کوالیفائنگ مقابلوں کا انعقاد رواں سال جولائی میں بیلجیئم میں ہوگا لیکن بدقسمتی سے اس اہم ایونٹ کی تیاری میں موجودہ مالی بحران مسائل پیدا کررہا ہے لہٰذاپی ایچ ایف کو فوری فنڈز جاری کرنے سے تیاریاں شروع کرنے میں مدد ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں