مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا سروسز ہسپتال کا دورہ،کیولری گراؤنڈ فائرنگ واقعہ میں زخمی نوجوان کی عیادت

غریب لوگ ہیں،ہمارے ساتھ ظلم ہوا انصاف دلایا جائے‘ زخمی نوجوان کے والد کی مشیر صحت پنجاب سے اپیل

ہفتہ 4 اپریل 2015 17:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے سروسز ہسپتال کادورہ کیا اور چند روزقبل کیولری گراؤنڈ فائرنگ واقعہ میں زخمی ہونے والے نوجوان حسنین علی کی عیادت کی۔ پروفیسر جاوید گردیزی اور ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔پروفیسر جاوید گردیزی نے مشیر صحت کو بتایا کہ 18 سالہ حسنین کو چیسٹ ٹیوب ڈالی گئی ہے اور پیٹ کا آپریشن کرکے گولی سے متاثر ہونے والے اندرونی اعضاء کو درست کر دیا گیا ہے۔

ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے کہا کہ زخمی نوجوان کے بروقت ہسپتال پہنچنے اور ڈاکٹروں کی جانب سے فوری آپریشن کرنے سے اس کی جان بچ گئی ہے۔اس موقعہ پر فائرنگ کے واقعہ کے چشم دید گواہ اور زخمی نوجوان کے والد ظہور احمد نے کہا کہ وہ غریب لوگ ہیں ظہور احمد نے کہا کہ اس کے نوجوان بیٹے کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے ،اسے انصاف دلایا جائے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے زخمی نوجوان کے والد کو یقین دلایا کہ مذکورہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور ہر حالت میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے سروسز ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی نوجوان کی مکمل صحتیابی تک اس کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور خصوصی دیکھ بھال کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں