وزیراعلیٰ شہبازشریف کی مقتول زین کے گھر آمد ، والدہ، بہنوں اور لواحقین سے اظہار تعزیت ،فوری انصاف کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی مقتول زین کے گھر میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:14

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی مقتول زین کے گھر آمد ، والدہ، بہنوں اور لواحقین سے اظہار تعزیت ،فوری انصاف کی یقین دہانی

لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ہفتہ کو مقتول طالبعلم زین کی رہائش گاہ کیولری گراؤنڈ گئے اور مقتول کی والدہ ، بہنوں اور دیگر لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا- وزیراعلیٰ نے مقتول زین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی - وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مقتول زین کی والدہ سے اس اندوہنا ک واقعہ پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی دلخراش واقعہ ہے ،معصوم زین کو نا حق قتل کیا گیا ہے -آپ فکر نہ کریں میرا آپ سے وعدہ ہے کہ میں آپ کوفوری انصاف دلاؤں گا-کوئی سفارش یا سیاسی دباؤ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے اس افسوسناک واقعہ کی خبر ملتے ہی سی سی پی او لاہور کو فون کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی -مقدمے میں نامزد تمام ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد ہو چکی ہے -وزیراعلیٰ نے مقتول زین کی والدہ کو دلاسہ دیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ میں الله کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ قانون کے تحت انصاف میں دلاؤں گا اور کیس کا چالان جلد تیار کر کے انسداددہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا- انہوں نے کہاکہ میں آپ کا لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتالیکن انصاف ضرورہوگا - زین کے قتل میں ملوث ملزمان کسی صورت قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے-وزیراعلیٰ نے مقتول کی والدہ سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں اور مقتول زین بہنوں کے سر پر ہاتھ رکھ کر انہیں دلاسہ دیا-بعدازاں وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ زین کو انتہائی اندوہناک طریقے سے مارا گیاہے، یہ بڑا دلخراش واقعہ ہے جس پر دلی دکھ او رافسوس ہواہے -میں زین کی والدہ اور اس کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کے لئے آیا ہوں -میری ہدایت پر واقعہ میں ملوث ملزمان فوری طو رپر گرفتار کر لئے گئے تھے اور ملزمان کی فوری گرفتاری پر میں انسپکٹرجنرل پولیس مشتاق سکھیرا ، سی سی پی او لاہور او رڈی آئی جی آپریشن کو شاباش دتیا ہوں-انہوں نے کہا کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے ،کیس کا چالان جلد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھجوایا جائے گا-واقعہ میں کوئی سفارش یا سیاسی دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،جس نے یہ درندگی کا مظاہرہ کیاہے اسے قانون کے تحت کڑی ترین سز ا ملے گی- زین کے قتل میں ملوث ملزمان قانون کے آہنی ہاتھ کی گرفت میں آ چکے ہیں اور سخت ترین سزا سے نہیں بچ پائیں گے -انصاف ہر صورت ہوگا -وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزداہ، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او لاہور او رڈی سی او لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں