پی سی بی پلیئرزسے ایک سالہ معاہدہ کریگا، دورہ بنگلہ دیش سے قبل سینٹرل کنٹریکٹ طے پانے کا امکان

نو منتخب کپتان اظہر علی اور نائب سرفراز احمدسمیت مصباح الحق ، شاہد آفریدی، یونس خان، محمد حفیظ ،سعید اجمل اے کیٹیگری میں شامل ہوں گے ،ذرائع

اتوار 5 اپریل 2015 13:50

ْلاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹرز سے 1 جنوری سے 31 دسمبر تک ایک سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کریگا۔ ورلڈکپ سے قبل تین ماہ کے عارضی معاہدے پرکسی کھلاڑی نے دستخط نہیں کئے تھے۔ورلڈکپ سے پہلے بورڈ اور کھلاڑیوں میں سینٹرل کنٹریکٹ پر تنازع ہوگیا تھا۔ پی سی بی نے پلیئرزکوتین ماہ کاعارضی معاہدہ پیش کیاتھا جس پرکسی کھلاڑی نے دستخط نہین کئے۔

بورڈ نے کھلاڑیوں سے ٹور کنٹریکٹ ہی کو کافی سمجھا۔ہارون رشید کی سربراہی میں نئی سلیکشن کمیٹی کونیا سینٹرل کنٹریکٹ تیار کرنے کوکہاگیاہے جویکم جنوری سے اکتیس دسمبرتک ایک سالہ مدت کیلئے ہوگا۔ بورڈ حکام بنگلہ دیش کے دورے سے قبل نئے معاہدے کو حتمی شکل دیکر اس پر دستخط کرانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صرف ایک طرز کی کرکٹ تک محدود ہونے کے باوجود مصباح الحق اور شاہد آفریدی اے کیٹیگری میں ہی شامل ہوں گے کیونکہ سابق اور موجودہ کپتان اعلیٰ ترین کیٹیگری ہی میں شامل کئے جاتے ہیں۔

دسمبر میں ختم ہونے والے معاہدے میں یونس خان کے حوالے سے تنازع ہوگیاتھا۔ اس بار یونس خان، محمد حفیظ اور سعید اجمل کو اے گریڈ میں رکھا جائے گا۔ون ڈے کپتان اظہر علی اور ان کے نائب سرفراز احمد بھی اے کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔ فاسٹ بولر جنید خان کی بی اورعمر اکمل کی سی کیٹیگری میں تنزلی کاامکان ہے۔ نئے معاہدے میں معاوضے بڑھانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے سبب پلیئرز بھی اب بورڈ سے اپنی مطالبات منوانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں