عمران خان کو پارلیمنٹ میں واپسی مبارک ہو‘ انہیں عدالتوں کے فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا‘زعیم قادری،اسمبلیاں مدت پوری کریں گی‘ 2018ء کا الیکشن پھر نوازشریف کے وزیراعظم بننے کی نوید لائے گا‘ترجمان پنجاب حکومت

اتوار 5 اپریل 2015 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) سید زعیم حسین قادری نے تحریک انصاف کے پارلیمنٹ میں واپسی کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اس شاندار فیصلے پر مبارک ہو لیکن انہیں جان لینا چاہیے کہ ابھی بھی فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے‘ جس کا عمران خان کو انتظار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں انشاء اللہ اپنی مدت پوری کریں گی اور ایک مرتبہ پھر 2018ء کا الیکشن بھی میاں محمد نوازشریف کے وزیراعظم بننے کی نوید لے کر آئے گا۔

سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ بہتر ہو گا عمران خان دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں اور حقائق کا سامنا کرتے ہوئے عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ کو مکمل طور پر تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میڈیا میں الزامات لگانے کی بجائے عدالتوں میں کوئی چیز ثابت بھی تو کریں۔

(جاری ہے)

انہیں اسمبلیوں میں واپسی کی طرح دیگر امور پر بھی نظرثانی کرنا چاہیے اور آئینی اور جمہوری کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔

سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ جن حلقوں میں بھی چھان بین ہوئی ہے وہاں 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج برقرار رہے ہیں لہٰذا تحریک انصاف کی طرف سے دھاندلی کے الزامات میں کوئی صداقت نظر نہیں آتی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ عمران خان ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں