پی جی ایم آئی کے بورڈ آف مینجمنٹ کا اجلاس، 35 نئی آسامیوں کی منظوری

منگل 7 اپریل 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ امیرالدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کے بورڈ آف مینجمنٹ نے مریضوں کے لیے علاج معالجہ کی سہولیات کے لیے مزید اضافے اور ادارے کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 35نئی آسامیوں کی منظوری دے دی۔ ان آسامیوں میں 21ڈیمانسٹریٹر، ایک اسسٹنٹ پروفیسر آف نیفرالوجی، ایک اسسٹنٹ پروفیسر نیورالوجی، سینئر رجسٹرار نیورورالوجی، فزیوتھراپسٹ، ایک آرڈیالوجسٹ، پانچ بس ڈرائیور اور چار ہیلپر شامل ہیں۔

تمام بھرتیاں حکومتی پالیسی کے مطابق کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔ اس امرکا فیصلہ خواجہ ضیاء الدین چیئرمین بی او ایم پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ کے زیر صدارت ہونے والے بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ سمیت دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنرل ہسپتال میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لیے دو منزلہ پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔

منصوبہ کا پی سی ون بہت جلد منظوری کے لیے حکومت پنجاب کو بھیج دیا جائے گا۔ خواجہ ضیاء الدین نے ہر اتوار کو ہسپتال میں یوم صفائی منانے کی ہدایت کی جس کی نگرانی اے ایم ایس کریں گے۔ اجلاس میں سکیورٹی کے نظام کو مزید فول پروف بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامی ڈاکٹرز رات کے اوقات میں بھی ایمرجنسی سمیت وارڈز کا راوٴنڈ کیا کریں۔

چیئرمین بی او ایم نے ایل جی ایچ میں گذشتہ تین سال کے دوران ڈینگی بخار کے مریضوں کے صحتیاب ہونے اور اس وباء کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز کے انعقاد پر پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ و دیگر فیکلٹی ممبران کی خدمات کو سراہا۔ اجلاس میں ادارے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خواجہ ضیاء الدین نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی اور وزیراعلی کے ویژن کے مطابق تمام مریضوں کو علاج معالجہ و تشخیص کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف پیشہ وارانہ لگن اور پوری محنت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں