سیالکوٹ شہر کو برساتی نالوں کے سیلابی پانی سے محفوظ بنانے کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ جات تشکیل دیئے جائیں گے‘یاور زمان

بدھ 8 اپریل 2015 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ شہر کو برساتی نالوں کے سیلابی پانی سے محفوظ بنانے کے لئے لانگ ٹرم منصوبہ جات تشکیل دیئے جائیں گے ، محکمہ آبپاشی اور پبلک ہیلتھ کے چیف انجینئرز سیالکوٹ کے برساتی نالوں کا سروے جلد مکمل کریں تاکہ جامع منصوبہ تشکیل دیا جا سکے۔

یہ باتیں انہوں نے محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم میں سیالکوٹ شہر کو برساتی نالوں کے سیلابی پانی سے محفوظ بنانے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیں۔ اجلاس میں کمشنر گوجرنوالہ شمائل احمد خواجہ ، سیکرٹری آبپاشی سیف انجم، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) سعید الحسین ہاشمی ، چیف انجینئراریگیشن لاہور خالد حسین قریشی ، چیف انجینئر پلاننگ اینڈ ریویو ملک محمد طارق ، ڈائریکٹر فلڈ عبدالرحیم گریوال کے علاوہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع سیالکوٹ کے برساتی نالوں پر کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ شہر کو برساتی پانی سے محفوظ بنانے کے لئے محکمہ آبپاشی اور پبلک ہیلتھ کے چیف انجینئرز ممبر قومی اسمبلی ارمغان سبحانی اور ممبر صوبائی اسمبلی ملک عبدالستار کے ہمراہ تمام علاقوں کا دورہ کریں تا کہ برساتی نالوں کے تکنیکی امور کے ساتھ ساتھ عوامی ضروریات کو مد نظر رکھ کر سفارشات مرتب کی جا سکیں ۔

انہوں نے سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ اور گجرات کے اضلاع میں برساتی نالوں کی مینجمنٹ کے لئے ہر 15 دن بعد اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی تا کہ مسلسل بنیادوں پر ڈرینج مینجمنٹ پروگرام کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا سکے ۔ صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نے برساتی نالوں کی کیپسٹی بلڈنگ کے لئے مختلف منصوبہ جات تیار کر لئے ہیں جن پر حکومت سے منظوری کے بعد ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز جلد کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کو برساتی نالوں کی تباہ کاریوں سے محفو ظ بنانے کے لئے پنجاب حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں