لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں 4گھنٹے اضافہ عوام و صنعتکاروں سے زیادتی ہے‘ ناصر رمضان

جمعرات 9 اپریل 2015 12:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے صنعتی و کاروباری مراکز میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید 4گھنٹے اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام اور صنعتکاروں سے زیادتی قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے برسراقتدار آنے سے پہلے عوام سے 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا وعدہ کیا تھا لیکن بیڈگورننس کے باعث لوڈشیڈنگ تو ختم نہ کی جاسکی اس کے دورانیہ میں ضرور اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

ناصر رمضان نے کہا کہ حکومت بتائے کہ اربوں روپے کے اخراجات کے بعد پنجاب حکومت کے شاہکار منصوبہ نندی پور پاور پلانٹ سے کتنے یونٹ اور کس لاگت سے بجلی حاصل ہورہی ہے او ر اگر پاور پلانٹ بند ہے تو اس کی کیاوجہ ہے اور ذمہ داران کون ہیں؟انہوں نے کہا کہ بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتی او رکاروباری اداروں میں کام متاثر ہورہا ہے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کے باعث حکومت کے اقتصادی ترقی کے اہداف پورے نہیں کیے جاسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ذمہ 600ارب روپے کے گردشی قرضے لوڈ شیڈنگ کا باعث ہیں حکومت پاور کمپنیوں کو فوری ادائیگی کرے ۔ حکومت عوام سے مہنگی بجلی کے بل باقاعدگی سے وصول تو کررہی ہے لیکن پاور کمپنیوں کو ادائیگی نہ ہونا عوام کے لیے پریشانی اور تشویش کا باعث ہے۔بدترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود لاہور کے قریب 4پرائیویٹ پاو ر پلانٹ کی بندش لمحہ فکریہ ہے حالانکہ یہ پاور پلانٹ حکومت کو دیگر پاور کمپنیوں کے نسبت سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سستی بجلی کے حصول اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے فی الفور کالا باغ ڈیم کی تعمیر کرے کیونکہ کالا باغ ڈیم سے ہی سستی اور وافر بجلی حاصل ہوسکتی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں