ٹیچنگ ہسپتالوں ،میڈیکل کی تعلیم دینے والے اداروں کو حفاظتی اقدامات کے تناظر میں پانچ نکاتی ایس او پیز پر 30مئی تک عملدرآمد یقینی بنا نیکی ہدایت

ایس او پیز کوفالو نہیں کیا جارہا ،ایک مریض ایک اٹینڈنٹ کی پالیسی متعارف کرائی جائے ،عملدرآمد نہ کرنیکی صورت میں سخت کارروائی کی تنبیہ

جمعرات 9 اپریل 2015 18:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) محکمہ صحت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹیچنگ ہسپتالوں اورمیڈیکل کی تعلیم دینے والے تمام اداروں کو حفاظتی اقدامات کے تناظر میں پانچ نکاتی ایس او پیز پر 30مئی تک عملدرآمد یقینی بنا نے کی ہدایات جاری کر دیں،ایک مریض ایک اٹینڈنٹ کی پالیسی بھی متعارف کرانے کے لئے اقدامات اٹھانے کا کہا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت پنجاب کی طرف سے وائس چانسلر کنگ ایڈ ورڈ میڈیکل یونیورسٹی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، میڈیکل کی تعلیم دینے والے خود مختار اداروں ،ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس صاحبان ،صحت سے متعلقہ خصوصی اداروں کے سربراہان اور ای ڈی اوز کے نام مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے باعث سنجیدہ نوعیت کے خطرات موجود ہیں تاہم یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی طرف سے جاری سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر( ایس اوپیز)کوفالو نہیں کیا جارہا ۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس تناظر میں سکیورٹی سے متعلقہ تمام خالی سیٹوں کو پر کیا جائے اور اسکے لئے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے مل کر دو سے چار ہفتوں کی خصوصی تربیت کا اہتمام کیا جائے ، کم از کم دس اسلحہ لائسنسوں کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو لکھا جائے ۔ ایک مریض ایک اٹینڈنٹ کی پالیسی کو متعارف کرایا جائے ۔19دسمبر اور31دسمبر 2014ء کی ہدایات کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کو تنصیب کو یقینی بنایا جائے ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہدایات پر 30مئی تک عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے بصور ت دیگر اداروں کے ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں