ڈینگی کے حوالے سے حساس شہروں اور ٹاؤنز میں ان ڈور/آؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے‘ خواجہ سلمان رفیق

موثر سرویلنس کیوجہ سے ڈینگی لاروا زیادہ مقدار میں رپورٹ ہو رہا ہے ،لاہور، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں ڈینگی سٹاف کی بھرتی جلد مکمل کرنے کی ہدایت راولپنڈی اس سال بھی حساس ہے ، خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ‘ کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس سے مشیر صحت کا خطاب

جمعرات 9 اپریل 2015 20:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال خصوصا زیادہ حساس اضلاع لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ محکمہ صحت، اطلاعات، زراعت، آبپاشی ، ماہی پروری، سوشل ویلفیئر، زکوة و عشر، اوقاف، کوآپریٹوز، لیبر، ماحولیات، پی آئی ٹی بی ، پاکستان ریلوے، کنٹونمنٹ بورڈ، لوکل گورنمنٹ، ہائر ایجوکیشن، سکول ایجوکیشن ، ٹرانسپورٹ، موسمیات، سالڈ ویسٹ، واسا، پولیس، سپیشل برانچ کے اعلی افسران کے علاوہ طبی ماہرین ، ماہرین حضرات وبائی امراض نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمیشنر لاہور، ڈی سی او لاہور بھی موجود تھے جبکہ کمیشنر گوجرانوالہ ، ملتان اور رالپنڈی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں تمام محکموں کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ لاہور میں ڈینگی سرویلنس کی ٹیموں میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور انتہائی موثر ڈینگی سرویلنس کے نتیجہ میں گھروں کے اندر سے کافی مقدار میں ڈینگی لاروا مل رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ نشتر ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور شالا مار ٹاؤن زیادہ حساس ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹاؤن رسپانس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ لاہور میں 1180 گھروں میں سپرے بھی کرایا گیا ہے اور پانی کے تالابوں میں 24950 مچھلیاں بھی سٹاک کی گئی ہیں۔ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے بتایا کہ نجی ہسپتالوں کے 106 ڈاکٹرز کو ڈینگی مریض کے کلینکل مینجمنٹ بارے ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ محکمہ خوراک کے عملہ کو بھی ڈینگی سرویلنس سے متعلق تربیت فراہم کی گئی ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قبرستانوں، کباڑ خانوں، ٹائر شاپس اور دیگر ایسے مقامات کی سرویلنس کی جا رہی ہے تا کہ ڈینگی بریڈنگ کے ہاٹ سپاٹس نہ بننے پائیں۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے پاس مچھر مار ادویات کے سٹاک اور مشینری کے فنکشنل ہونے بارے بھی رپورٹ پیش کی گئی۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے لاہور، شیخوپورہ اور راولپنڈی کے لئے ڈینگی سٹاف کی 4 ہزار سے زائد جن آسامیوں کی منطوری دی ہے اس پر ریکروٹمنٹ جلد مکمل کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اس سال بھی حساس شہر ہے لہذا راولپنڈی کے جن ٹاؤنز میں گزشتہ سال ڈینگی کے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے تھے ان ٹاؤنز میں انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں وزیراعلی محمد شہباز شریف کی تمام محکموں کو واضح ہدایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام میں تمام محکمے اپنا پنا کردار فعال طریقہ سے ادا کریں ۔ اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں