پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکس کی تیاری کا کام شروع کر دیا

جمعہ 10 اپریل 2015 13:33

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکس کی تیاری کا کام شروع کر دیا

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10اپریل۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کے مسودے کی تیاری کا کام شروع کر دیا ہے ، کنٹریکٹ سے ڈی کیٹگری کو نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے، نئے کنٹریکٹ کا اعلان قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش سے قبل کر دیا جائے گا، معاہدہ یکم جنوری سے 31دسمبر ت ہوگا اور بعض کرکٹرز کی تنزلی اور ترقی کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ سے پہلے بورڈ اور کھلاڑیوں میں سینٹرل کنٹریکٹ پر تنازع ہوگیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے پلیئرز کو تین ماہ کا عارضی معاہدہ پیش کیا تھا تاہم کسی کھلاڑی نے اس پر دستخط نہیں کئے اور بورڈ نے کھلاڑیوں سے ٹور کنٹریکٹ ہی کو کافی سمجھا۔ پی سی بی کی ہدایت پر اب چیف سلیکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں ڈائریکٹر کرکٹ ذاکر خان اور کوچ وقار یونس نے مل کر کھلاڑیوں کی فہسرت تیار کر نے کا کام شروع کر دیا ہے اور اس مقصد کے لیے تینوں کپتانوں مصباح الحق،اظہرعلی اور شاہد آفریدی کی رائے بھی لی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدہ یکم جنوری سے اکتیس دسمبر تک ایک سالہ مدت کیلئے ہوگا اور اس کا اعلان قومی ٹیم کے بنگلہ دیش کے دورے پر روانگی سے قبل متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ نے ڈی کیٹگری کو ختم کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب تین کیٹگریز میں 20 سے 22 کھلاڑیوں کی شمولیت ہوگی ، ذرائع کے مطابق صرف ایک طرز کی کرکٹ تک محدود ہونے کے باوجود مصباح الحق اور شاہد آفریدی اے کیٹیگری میں ہی شامل ہونیکا امکان ہے کیونکہ سابق اور موجودہ کپتان اعلیٰ ترین کیٹیگری ہی میں شامل کئے جاتے ہیں۔

اس بار یونس خان، محمد حفیظ، سعید اجمل اوراظہرعلی کو اے گریڈ میں رکھا جائے گا اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی سی سے اے کیٹگری میں چھلانگ لگا دیں گے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو بی کیٹیگری میں ترقی مل جائے گی ، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ڈراپ ہونے والے احمد شہزاد کو بی کیٹگری میں رکھے جانے کا امکان ہے ۔ فاسٹ بولرجنید خان کی بی اور عمر اکمل کی سی کیٹیگری میں تنزلی کاامکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈکپ 2015ء میں ناقص کارکردگی کے سبب پلیئرز بھی اب بورڈ سے اپنی مطالبات منوانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے تینوں کیٹگریز میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضے کو حتمی شکل دینے کا کام شروع کر دیا ہے جس کے مطابق اے کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو 4لاکھ 49ہزار 218روپے ، بی کیٹگری کے کھلاڑیوں کو 3لاکھ 14ہزار 452روپے اور سی کیٹگری میں جگہ بنانے والے کھلاڑیوں کو 1لاکھ 79ہزار 687روپے ملیں گے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں