> شراب کے نشے میں جہاز اڑانے کے الزام میں گرفتار پائلٹ کا حتمی چالان انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت میں پیش کر دیا گیا جبکہ پولیس نے حتمی چالان میں پائلٹ کو گنہگار قرار دے دیا۔عدالت نے پائلٹ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات جنوری تک توسیع کر دی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جنوری 2016 12:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جنوری۔2016ء) > تفتیشی افسر نے جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پرملزم عصمت محمود کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کر دیا۔ تفتیشی افسر نے خصوصی عدالت کے جج ہارون لطیف کی عدالت میں سو صفحات پر مشتمل حتمی چالان پیش کیا۔ حتمی چالان میں پائلٹ عصمت محمود کو گنہگار قرار دیا گیا ہے۔ حتمی چالان میں پچیس گواہان رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے حتمی چالان کے ہمراہ شراب نوشی کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی منسلک کیا ہے۔ کمرہ عدالت میں موجود ملزم عصمت محمود نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اس کے دونوں ہاتھوں پر ہتھکڑیاں لگاتی ہے جس سے اسے تکلیف کا سامنا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم کے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگا کر پیش کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے ملزم عصمت محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات جنوری تک توسیع کر دی۔عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر ملزم عصمت محمود پر فرم جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں