ایک ہی کھیت میں بار بار مکئی کاشت نہیں کرنی چاہیے،ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:20

لاہور۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء) بہاریہ مکئی کی کاشت کا بہترین وقت 15 جنوری سے فروری کے آخر تک ، دیر سے کاشت کی گئی مکئی پھول نکلتے وقت گرمی کی زد میں آنے سے ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے جس سے پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ایک ہی کھیت میں بار بار مکئی نہیں کاشت کرنی چاہیے کیونکہ اس طرح اس فصل میں اگنے والی جڑی بوٹیاں مستقل حیثیت اختیار کر جاتی ہیں اور ان کا انسداد مشکل ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسی زمین جس میں برسیم یا آلو کاشت کئے گئے ہوں وہاں مکئی کی فصل بہتر نشوونما پاتی ہے۔ کلراٹھی، ریتلی اور سیم زدہ زمین کے علاوہ ایسی زمین جس کی پی ایچ 8.0 سے زائد ہو مکئی کی کاشت کے لیے موزوں نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہبہاریہ مکئی پر تنے کی سنڈی کا حملہ زیادہ نقصا ن دہ ثابت نہیں ہوتا کیونکہ اس کیڑے کا حملہ مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں ہوتا ہے اس وقت فصل کی بڑھوتری کافی تیزی کے ساتھ ہو رہی ہوتی ہے اور پودے صحت مند ہوتے ہیں جس وجہ سے تنے کی سنڈی کونپل کو زیادہ نقصان نہیں پہنچاسکتی۔ جب کہ موسمی مکئی پر تنے کی سنڈی کا شدید حملہ ہوتا ہے جس سے فصل کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں