سپیشل ایجوکیشن کی ترقیاتی سکیموں کو معیاری بنانے کیلئے ری ویوکمیٹیوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، آصف سعید منہیس

ہفتہ 2 جنوری 2016 17:08

لاہور۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء)صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم آصف سعید منہیس نے کہا ہے کہ پنجاب میں سپیشل ایجوکیشن کی ترقیاتی سکیموں کو معیاری بنانے کیلئے ری ویوکمیٹی کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزصحافیوں کو بتائی۔ آصف سعید منہیس نے بتایا کہ پنجاب حکومت ان خصوصی بچوں کو فری تعلیم کے ساتھ ساتھ فری یونیفارم ، ٹرانسپورٹ ،800 روپے ماہانہ وظیفہ ، کتب کی فراہمی،والدین کی رہنمائی، تفریحی سہولیات اور سماعت سے محروم بچوں کے لیے60عدد آلات کی خریداری، صوبے میں 103سپیشل سنٹرز کو فرنیچر کی فراہمی ‘سماعت سے محروم بچوں کے لیے ساہیوال گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول کا قیام، صوبہ میں13خصوصی تعلیمی اداروں کی عمارات کی تعمیر، ہر خصوصی بچے کی تعلیم اور تعلیمی اداروں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے پنجاب انکلیثو کا ضلع مظفر گڑھ اور بہاولپور میں پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز شامل ہیں نیز 6خصوصی اداروں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت کے لیے40ملین روپے کی گرانٹ کی فراہمی اور پنجاب کے تمام اداروں 22سنٹرز کوجرنیٹرز کی فراہمی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آصف سعید نے بتایا کہ معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرروت ہے کہ وہ خصوصی بچوں کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں پیار ومحبت کے ساتھ تعلیم و تربیت ورہنمائی فراہم کریں اس سے ان کے اندرخوداعتمادی پیدا ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں آصف سعید نے بتایا کہ پنجاب بھر میں تحصیل اور ٹاؤنز کی سطح پر247 سپیشل ایجوکیشن کے ادارے قائم کئے گئے ہیں اور ادارے ہمہ وقت خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت، ان کے والدین کی رہنمائی اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہیں،صوبہ میں خصوصی افراد کی تعداد 20لاکھ کے قریب جس میں19سال تک کے بچوں کی تعداد 7لاکھ سے زائد ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب صوبے کے تمام خصوصی بچوں کی تعلیم اور تعلیمی مواقع تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ خصوصی تعلیمی اداروں میں خصوصی بچوں کے داخلے کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے اور صرف گزشتہ 2سالوں میں خصوصی تعلیمی اداروں میں6000بچوں کا نیا داخلہ ہوا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں