نریندر مودی کا دورہ پاکستان ـ ’’دیر آید درست آید ‘‘کی ماند ہے ،حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کا عملی ثبوت ہے‘ رفیق رجوانہ

انتہا پسندوں کے دن گنے جا چکے ہیں، اب دہشتگردوں کا اس ملک میں کوئی ٹھکانہ نہیں ،وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ عوامی حکومت نے معاشی طور پر مستحکم اور عملی طور پر جمہوری اور فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے‘ گورنر پنجاب کی لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2016 17:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ عوامی حکومت نے معاشی طور پر مستحکم اور عملی طور پر جمہوری اور فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار صفِ اول کی معیشتوں میں ہو گا ،بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کا وقار اور اعزاز ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ پہنچنے پر لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کے دوران کیا ۔ گورنر پنجاب نے ہائی کمیشن کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ہائی کمیشن کی مختلف ذمہ داریاں اور اُمور کے بارے میں بتایا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) مخاصمت کے بجائے مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے کیونکہ تعمیری سوچ کے ساتھ اُٹھایا جانے والا قدم ہی منزل کے حصول کی ضمانت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مساوی تعلقات کا خواہاں ہے اور ہم اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ـ ’’دیر آید درست آید ‘‘کی ماند ہے جو یقینا حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندوں کے دن گنے جا چکے ہیں، اب دہشتگردوں کا اس ملک میں کوئی ٹھکانہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور ہم دنیا کے کسی مقام پر ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب کو اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں ۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ برطانیہ آنے والے پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کریں ۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر ہائی کمیشن میں مہمانوں کی ڈائری میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں