سی ٹی او لاہور کا اورنج ٹرین منصوبے کے تعمیراتی علاقوں کا دورہ ،8وارڈنز کوشوکاز، ڈسپلن کورس پر بھجوا دیا

تعمیراتی علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف موثر کارروائی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہوسکے ‘ طیب حفیظ چیمہ

ہفتہ 2 جنوری 2016 17:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے تعمیراتی علاقوں پاکستان منٹ ،باغبانپورہ،کوآپ سٹوراورگڑھی شاہوکا وزٹ کیا ۔انہوں نے رانگ پارکنگ کے خلاف مناسب انسدادی کارروائی نہ کرنے اور ماسک نہ پہننے پر 2پٹرولنگ آفیسرز سمیت 8ٹریفک واردنزشوکاز نوٹس اور تین یوم ڈسپلن کورس پربھجوا دیا ۔

سی ٹی او نے متعلقہ سیکٹر انچارجز اور ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہوسکے۔انہوں نے پٹرولنگ آفیسرز کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں ون وے ،رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی جاری رکھیں،اس سلسلے میں کوئی دباؤ یا سفارش قبول نہیں کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے اورنج ٹرین کے تعمیراتی علاقوں پاکستان منٹ ،باغبانپورہ،کوآپ سٹوراورگڑھی شاہو کا وزٹ کیااس دوران رانگ پارکنگ کے خلاف کارروائی میں کوتاہی کے مرتکب اور تعمیراتی علاقے میں ڈیوٹی کے دوران ماسک استعمال نہ کرنے پر پٹرولنگ آفیسروقار،حسن، ٹریفک وارڈنزعبدالحمید،عمران،عمیر،زاہد سمیت 8کوشوکاز نوٹس اور تین یوم ڈسپلن کورس کیلئے پولیس لائن بھجوا دیا۔

سی ٹی او نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی ،شہریوں کی مدد اور سہولت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ان علاقوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کیلئے بھی بھر پور اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کے گرد ونواح میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات پر خصوصی توجہ رکھی جارہی ہے تاکہ ٹریفک کا بہاؤ کسی صورت متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں