بجلی،گیس کی لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے‘ میاں مقصود احمد

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدکابیان

ہفتہ 2 جنوری 2016 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ اورنج ٹرین ایک اچھا منصوبہ ہے مگر ملتان روڈ پر جگہ جگہ کھودائی اور ٹھیکیداروں کی جانب سے بروقت مٹی کوٹھکانے نہ لگانے کی وجہ سے عوام سانس کی بیماریوں میں مبتلاء ہورہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب اس کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام جوغفلت کامظاہرہ کررہے ہیں کے خلاف جلد تادیبی کاروائی عمل میں لائیں۔

ہفتہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کام اور منصوبے دنیا بھر میں ہوتے ہیں مگر وہاں کی حکومتیں عوام کی سہولت کے لئے متبادل انتظام کرتی ہیں تاکہ لوگوں کواذیت کاسامنا نہ کرنا پڑے مگر پاکستان میں صورتحال یکسر مختلف ہے۔سڑکوں پرگھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔معمولات زندگی انتہائی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی مشکلات میں کمی کی جائے۔متاثرین کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اورنج ٹرین لائن سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کوجلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔رہائشی علاقوں میں لگائے گئے مکسنگ پلانٹ آبادیوں سے نکالے جائیں۔منصوبے کی بدانتظامی کایہ حال ہے کہ کئی علاقوں میں پینے کے پانی میں سیوریج کاپانی بھی شامل ہورہا ہے مگر متعلقہ حکام نے اس حوالے سے کوئی ہنگامی اقدامات نہیں کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے عوام کوبہتر سفری سہولتیں ملیں گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ بجلی،گیس کی لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی حکمرانوں کوکمی کرنی چاہئے کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کاجینا دوبھر ہوچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں