بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کی 120 مہمانوں کے ہمراہ دورہ پاکستان کیخلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی گئی

معاملہ فوری نوعیت کا نہیں لہٰذا درخواست عدالتی تعطیلات کے بعد دائر کی جائے ‘ لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس

ہفتہ 2 جنوری 2016 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ آفس نے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کی 120 مہمانوں کے ہمراہ دورہ پاکستان کے خلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ فوری نوعیت کا نہیں لہٰذا درخواست عدالتی تعطیلات کے بعد دائر کی جائے ۔ درخواست گزار شہری منیر احمدنے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے موقف اختیار کیا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی سمیت120مہمان غیرقانونی طریقے سے پاکستان پہنچے۔

بھارتی وفد کوکسی قسم کوئی تحریری اجازت نامہ بھی نہیں دیاگیا۔مودی نے اپنے آنے کی اطلاع سول شل میڈیا پر کی لیکن پاکستان آمد کے حوالے سے کسی قسم کوئی قانونی کاروائی نہیں کی اور 120 مسافروں کے ہمراہ لاہورائیر پورٹ پر پہنچ گئے اس غیر قانونی اقدام کے خلاف قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت وزارت داخلہ نے کوئی ایکشن نہیں لیا،درخواست میں سول ایوی ایشن،امیگریشن حکام،وفاقی وزارت داخلہ کو فریق بنایاگیاہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 120 افراد کے وفد کے ہمراہ 25 دسمبر 2015 کو کابل سے نئی دلی جاتے ہوئے مختصر دورے پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پہنچے تھے جہاں وزیر اعظم محمدنواز شریف نے ان کا شانداراستقبال کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں