پنجاب بھر میں خواتین میں حکومت کی طرف سے جانور فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ‘راشدہ یعقوب

لائیوسٹاک اور زراعت میں خواتین کے نمایاں کردار سے ملکی معیشت پھولے گی ، دیہات میں رہنے والوں کی تقدیر بدل دے گی

اتوار 3 جنوری 2016 14:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جنوری۔2016ء ) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ ٹھیکیدار مافیا کے خاتمے کیلئے صوبہ میں ماڈل مویشی منڈیوں کا جال بچھا رہے ہیں جس کا آغاز شیخوپورہ سے کر دیا گیا ہے اور ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام سے پرچی مافیا کا خاتمہ ہوگا اور مویشی پال افراد کو اپنے جانور کی صحیح قیمت مل سکے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں خواتین میں حکومت کی طرف سے جانور فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کٹوں کو فربہ کر نے والوں اور انہیں پالنے والو ں کی امداد دینے کے لئے دو منصوبے شروع کردئیے گئے ہیں ،دیہی خواتین ان منصوبوں سے فائدہ اٹھا کر مالی امداد حاصل کریں، لائیو سٹاک اور زراعت کی ترقی کے لئے خواتین زرعی سائنسدان کی کمی ہر سطح پر محسوس کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

زراعت میں خواتین کا کردار نمایاں ہیں اگر ان کی صیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو شعبہ زراعت میں انقلا ب پیدا ہوجائے ۔انہوں نے کہاکہ لائیوسٹاک اور زراعت میں خواتین کے نمایاں کردار سے ملکی معیشت پھولے گی اور دیہات میں رہنے والوں کی تقدیر بدل دے گی ۔ ملک میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک شاندار دور کا آغاز ہو گا ۔

لائیو سٹاک اور زراعت باہم منسلک شعبے ہیں ۔ا ن کی ترقی کے لئے سڑکوں کی تعمیر بہت ضروری ہے جس کے لئے 150ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ان سڑکوں کی تعمیر سے زرعی اجناس اور جانوروں کو مارکیٹ تک لانے کے لئے کسانوں کو سہولت دستیاب ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ساڑھے بارہ ایکڑ یا اس سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو سولر ٹیوب ویل نصب کرنے یا موجودہ ٹیوب ویل کو شمسی توانائی پر تبدیل کرنے کے لیے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

اِن قرضوں پر سات سال کا مارک اَپ وفاقی حکومت ادا کرے گی،جس پر ساڑھے چودہ ارب روپے خرچ ہوں گے۔ جس سے روزانہ پانچ گھنٹے ڈیزل انجن چلانے والے کسان کو سولہ سو ساٹھ روپے اور بجلی سے ٹیوب ویل چلانے والے کسان کو تقریباً پانچ سو روپے یومیہ بچت ہو گی۔ بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویل کو پہلے ہی رعایتی نرخ پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں