حکمران آشیانہ سکیم کو مکمل کرنیکی بجائے چھت فراہم کرنے کے نام پر غریب سے ایک اورمذاق کرنے جارہے ہیں ‘ تحریک انصاف

سستی روٹی ،دانش سکول، آشیانہ اور نندی پور جیسے درجنوں ناکام منصوبے دینے پر حکومت کا نام گنیز بک آف ورلڈریکارڈ میں درج ہونا چاہیے خیبر پختوانخواہ میں عوام کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے اور ان کی خوشحالی کی سکیمیں لائی جارہی ہیں ‘ترجمان جمشید چیمہ کی کارکنوں سے گفتگو

اتوار 3 جنوری 2016 15:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف پنجاب نے کہا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کو مکمل کرنے کی بجائے ذاتی تشہیر ی مہم کے نیچے دفن کرنے کے بعد حکمران چھت فراہم کرنے کے نام پر غریب عوام سے ایک اورمذاق کرنے جارہے ہیں ،سستی روٹی ،دانش سکول، آشیانہ اور نندی پور جیسے درجنوں ناکام منصوبے دینے پر پنجاب حکومت کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو فائدہ پہنچانے والے منصوبے راتوں رات مکمل ہو جاتے ہیں جبکہ غریب عوام کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبے مکمل ہونے سے پہلے ہی ختم کر دئیے جاتے ہیں اورآشیانہ ہاؤسنگ سکیم اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کی وجہ سے آشیانہ سکیم کے منصوبے کو روکنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ بتایا جائے نئی اعلان کردہ سکیم کے لئے بجلی کی ضروریات کہاں سے پوری ہوں گی ؟۔ لیکن اب عوام حکمرانوں کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور آئندہ انتخابات میں ان سے ضرور حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کو ترجیح دی رہی ہے اور ایسے کسی منصوبے کا اجراء نہیں کیا گیا جسے مکمل نہ کیا جا سکتا ہو ۔

خیبر پختوانخواہ میں عوام کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے اور ان کی خوشحالی کی سکیمیں لائی جارہی ہیں جسے قومی اور بین الاقوامی ادارے بھی سراہا رہے ہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کارکن عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے اپنی تحریک جاری رکھیں انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں انصاف کا نظام قائم ہوگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں