ارض حرمین الشریفین اور مسلم ممالک کے امن سے کھیلنے والوں کے خلاف اقدامات کا اٹھایا جانا قابل تشویش نہیں ہونا چاہیے ‘پاکستان علماء کونسل

پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اپنے مسائل کی طرف دیکھنا چاہیے اور پاکستان سے متصل مسائل پر اپنی سیاسی اور مذہبی اقدامات کو اٹھانا چاہیے

اتوار 3 جنوری 2016 15:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جنوری۔2016ء ) مشہد میں سعودی قونصلیٹ کا جلایا جانا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ، ہر ملک کو اپنے قوانین اور عدالتی فیصلوں پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے ،ارض حرمین الشریفین اور مسلم ممالک کے امن سے کھیلنے والوں کے خلاف اقدامات کا اٹھایا جانا قابل تشویش نہیں ہونا چاہیے ،جس طرح ایران اپنے ملک کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے مجرموں کو سزا دیتا ہے ، اسی طرح سعودی عرب کو بھی یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے ملک کے قوانین کے مطابق عمل کرے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا حافظ محمد امجد نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے اپنے ملک کے قوانین کے مطابق اپنے شہریوں کو سزا دینا ایک درست عمل ہے جس پر مشہد میں سعودی قونصلیٹ کا جلایا جانا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں سعودی عرب کے خلاف مظاہرے کسی بھی صورت درست قدم نہیں ہے اورپاکستان میں سعودی عرب یا کسی اور اسلامی ملک کے خلاف مہم چلانا افسوسناک امر ہے اور اس پر حکومت کو نوٹس لیناچاہیے۔

پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اپنے مسائل کی طرف دیکھنا چاہیے اور پاکستان سے متصل مسائل پر اپنی سیاسی اور مذہبی اقدامات کو اٹھانا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں