وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے معروف گلوکار اور زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے کی ملاقات

کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہباز شریف پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی خدمات لائق تحسین ہیں، گلوکار شہزاد رائے

اتوار 3 جنوری 2016 17:02

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے معروف گلوکار اور زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے نے ملاقات کی اور انہیں بے سہارا بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ٹرسٹ کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ترقی کا واحد زینہ ہے۔

تعلیم کو فروغ دے کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتاہے ،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کے لیے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے اور تعلیمی شعبے میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمدکیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں پھیلانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اپنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کوتعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب گھرانوں اور خاک آلود گلیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی مفت فراہمی کے لیے دانش سکولز قائم کیے گئے ہیں۔علم و دانش کے ان گہواروں میں غریب بچوں کو نہ صرف تعلیمی سہولیات مفت حاصل ہیں بلکہ انہیں مفت قیام و طعام بھی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا دانش سکول معاشرے میں انتہا پسندانہ رحجانات کے خاتمے میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔ان سکولوں میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے جدید تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔دانش سکول سسٹم نے غریب ترین گھرانوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دےئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ حکومت پنجاب کا فروغ تعلیم کے حوالے سے ایک اور انقلابی اقدام ہے۔

جس کے ذریعے وسائل کی کمی کے شکار گھرانوں کے ایک لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کوتعلیمی وظائف فراہم کیے گئے ہیں اور وہ اعلی تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی فنڈ کی یہ بھی ایک نمایاں خوبی ہے کہ اس فنڈ سے نہ صرف پنجاب بلکہ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں کے ذہین اور مستحق طلباء و طالبات بھی مستفید ہورہے ہیں۔

جس سے قومی وحدت کو فروغ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کے لیے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی ٹرسٹ کی کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو تعلیمی مواقع کی فراہمی اچھی کاوش ہے۔معروف گلو کار شہزاد رائے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔تعلیم عام کرنے کے لیے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں