تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانہ کو جلانا انتہائی تشویش ناک ہے‘لیاقت بلوچ

پیر 4 جنوری 2016 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سعودی عرب میں شیعہ رہنماؤں کو سزائے موت پر عملدرآمد کے بعد دنیا بھر میں احتجاج اور تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانہ کو جلانا انتہائی تشویش ناک ہے ،ان واقعات سے عالم اسلام میں دراڑ مزید گہری ہوگئی ہے جس کا فائدہ اسلام دشمن قوتیں اٹھائیں گی۔

(جاری ہے)

پیر کو اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی ایما پر بنگلہ دیش میں اسلامی رہنماؤں کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے لیے عالمی برادری اور عالم اسلام کردار ادا کرتا تو آج اسلامی دنیا اس صورت حال سے دو چار نہ ہوتی۔ پسند اپنی اپنی ،اقدام اپنے اپنے کارویہ امت کی وحدت کو پارا پارا کررہاہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان اس صورتحال پر الگ تھلگ رہنے کی بجائے سعودی عرب ایران کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں وگرنہ یہ آگ ان دونوں ممالک میں بھی حالات کو انتہائی تلخی کی طرف لے جائے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالم اسلام کی تشویش ناک صورت حال پرغورو فکر کے لیے ملی یکجہتی کونسل کا سربراہی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے تاکہ دینی جماعتیں حالات کو پر سکون رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں